۵…اکثریت کا علیحدگی کامطالبہ
اب اس سوال کو لیجئے یعنی یہ کہ علیحدگی کا مطالبہ تو اقلیتیں کیا کرتی ہیں۔ یہاں یہ کیسی الٹی بات ہو رہی ہے کہ اکثریت اس کامطالبہ لے کر اٹھی ہے۔ یہ سوال جو لوگ کرتے ہیں کیا براہ کرم ان میں سے کوئی صاحب کسی سیاسی انجیل کی ایسی کوئی آیت پیش کر سکتے ہیں جس میں یہ قانون کلی بیان کیا گیا ہو کہ علیحدگی کامطالبہ کرناصرف اقلیت ہی کے لئے جائز ہے۔ اکثریت ایسے کسی مطالبے کو پیش کرنے کی حق دار نہیں ہے؟ ہمیں بتایا جائے کہ یہ اصول کہاں لکھا ہے اور کس نے اسے مقررکیاہے؟
حقیقت یہ ہے کہ مطالبات ہمیشہ ضرورت کی بناء پر پیدا ہوتے ہیں اوروہی ان کو پیش کرتا ہے جسے ان کی ضرورت ہوتی ہے۔ دیکھنا یہ چاہئے کہ ایک مطالبہ جس ضرورت کی بناء پر کیا جارہا ہے ۔ وہ بجائے خود معقول ہے یا نہیں۔ یہاں اختلاط کا نقصان اکثریت کو پہنچ رہا ہے نہ کہ اقلیت کو۔ اس لئے اکثریت یہ مطالبہ کرنے پر مجبور ہوئی ہے کہ اس اقلیت کو آئینی طور پر الگ کر دیا جائے جو ایک طرف عملاً الگ ہو کر علیحدگی کا پورا فائدہ اٹھا رہی ہے اور دوسری طرف اکثریت کا جز بن کر اختلاط کے فوائد بھی سمیٹتی چلی جاتی ہے۔ ایک طرف وہ مسلمانوں سے مذہبی ومعاشرتی تعلقات منقطع کرکے اپنی الگ جتھہ بندی کرتی ہے اور منظم طریقے سے ان کے خلاف ہر میدان میں کشمکش کرتی ہے۔ دوسری طرف مسلمانوں میں مسلمان بن کر گھستی ہے۔اپنی تبلیغ سے اپنی تعداد بڑھاتی ہے۔ مسلم معاشرے میں تفریق کا فتنہ برپا کرتی ہے اورسرکاری ملازمتوں میں مسلمان ہونے کی حیثیت سے اپنے متناسب حصے کی بہ نسبت بدرجہازیادہ حصہ حاصل کر لیتی ہے۔ اس صورت حال کا سراسر نقصان اکثریت کو پہنچ رہا ہے اوربالکل ناجائز فائدہ اقلیت اٹھا رہی ہے۔ پھر کون سی معقول وجہ ہے کہ ایسے حالات میں اقلیت علیحدگی کا مطالبہ نہیں کرتی تواسے زبردستی اکثریت کے سینے پر مونگ دلنے کے لئے بٹھائے رکھا جائے اوراکثریت کے مطالبہ علیحدگی کو رد کر دیاجائے؟
علیحدگی کے اسباب اکثریت نے نہیں بلکہ خود اقلیت نے پید ا کئے ۔عملاً اپنا الگ معاشرہ اس نے خود بنایا۔اکثریت سے مذہبی ومعاشرتی روابط اس نے خود توڑے۔اس روش کا فطری تقاضا یہ تھا کہ وہ خود اس علیحدگی کو تسلیم کرلیتی جو اس نے فی الواقع اختیار کی ہے۔اسے اگر تسلیم کرنے سے وہ گریز کرتی ہے تو یہ اس سے پوچھئے کہ کیوں گریز کرتی ہے اورخدا نے آپ کو دیکھنے والی آنکھیں دی ہیں توخود دیکھئے کہ آخر اپنے ہی عمل کے لازمی نتائج قبول کرنے سے اسے