M
حرف چند
پیش نظرکتاب والد صاحب حضرت مفتی ڈاکٹر مفتی نظام الدین شامزی شہیدؒ نے اب سے کوئی چھبیس سال قبل۱۴۰۲ھ میںتحریر فرمائی تھیں۔ کتاب لکھنے کاباعث کیاتھا؟حضرت والدصاحبؒ نے اس بارے میں تفصیل سے کتاب کی ابتداء میں تحریر فرمادیا ہے۔اس کتاب کو عوام اور علماء دونوں میںمقبولیت حاصل ہوئی۔موضوع اورمواد کے لحاظ سے (اس موضوع پر) یہ اردو کی اولین کتابوں میں سے ہے۔چنانچہ اس کتاب کے متعلق جس(ر) مفتی محمدتقی عثمانی صاحب مدظلہ لکھتے ہیں:
’’غالباً ان کی سب سے پہلی کتاب مہدی منتظر کے بارے میں تھی۔جس میں انہوں نے ان تمام احادیث کی تحقیق کی تھی ۔جن میں امام مہدی کی تشریف آوری کی خبردی گئی ہے۔اس موضوع پراب تک جتنی کتابیں یا مقالے میر ی نظر سے گزرے ہیں۔ ان کی یہ تالیف ان سب سے بڑھ کرمحققانہ اورمفصل تھی اور میں نے اس سے بڑا استفادہ کیا۔‘‘
اس کتاب کے بیسیوں ایڈیشن آپؒ کی زندگی میں شائع ہوئے۔آپؒ کی شہادت کے بعد یہ کتاب ازسرنوکمپیوٹر کتابت کراکے شائع کی جارہی ہے۔ہماراارادہ ہے کہ مفتی صاحبؒ کی تمام علمی اورقلمی کاوشوں کو بتدریج منظرعام پرلاتے رہیں۔دعا ہے کہ اﷲ تعالیٰ ہماری ان کوششوں کو قبول فرمائیں اوردین کوغلبہ اور سربلندی عطاء فرمائیں۔آمین بحرمۃ سیدالمرسلین!
تقی الدین شامزی
جامعہ علوم اسلامیہ علامہ نبوری ٹاؤن کراچی
گزارشات
۱… آئندہ اوراق میں جو مضمون آپ کے سامنے پیش کیاجارہا ہے۔ اس کاتعلق عقیدہ ظہور مہدی سے ہے۔ اس مضمون میں، میں نے کوشش کی ہے کہ صحیح احادیث، محدثین اور متکلمین کے اقوال کی روشنی میں امت کاچودہ سو سالہ پراناعقیدہ جس کاتعلق امام مہدی کے ظہور سے ہے،پیش کروںاوراس مسئلے کے متعلق حتیٰ الامکان جتنا بھی منتشر مواد ہے۔اس کوجمع کر دوں۔اپنی اس کوشش میں میںکہاں تک کامیاب رہا اس کافیصلہ تو پڑھنے والے کریں گے۔ میں نے تو اپنے طور پرپوری کوشش کی ہے کہ اس مسئلے کاکوئی بھی پہلو تشنہ نہ رہے۔