ملفوظات حکیم الامت جلد 18 - یونیکوڈ |
تمام رخص کا مجموعہ ہے ۔ وتر اور ترواویح کی مختلف روایتوں میں سے ایک اور آٹھ والی لے لی ۔ سو اگر کوئی شخص اسی طرح رخصتیں ڈھونڑا کرے تو اتباع کیا ہوا ۔ ( ملفوظ 773 ) بلا تحقیق دنیا کے لیے ترک مسلک سے سلب ایمان کا خطرہ : فرمایا کہ ایک شخص تھے ۔ اصحاب فقہ سے انہوں نے اپنا پیام اصحاب حدیث میں سے کسی کے یہاں دیا انہوں نے قید لگائی کہ تم کو رفع یدین کرنا ہوگا ۔ انہوں نے منظور کرلیا ۔ ایک بزرگ نے فرمایا کہ اس شخص کے بارے میں مجھے اندیشہ ہے کہ مرتے وقت اس کا ایمان نہ سلب ہوجائے ۔ محض مردار دنیا کے لیے ایسی چیز کو بلا تحقیق ترک کیا ۔ جس کو دین سمجھتا تھا ۔ ہاں عمل کرنا اضطرار سے وہ اور بات ہے باقی محض آسانی وہوائے نفساتی کے لیے جائز نہیں ۔ تا ہوا تازہ است ایمان تازہ نیست چوں ہوا جز قفل آں دروازہ نیست ( ملفوظ 774 ) زمین کی ملکیت سے دست برداری : فرمایا کہ میں بچپن سے جانتا تھا کہ زمینداری کے ساتھ دینداری جمع نہیں ہوسکتی ۔ میں نے بچپن میں ایک پرچہ پر لکھا دیا تھا کہ اگر کبھی زمین کا مالک ہوں گا تو اپنی ملک میں نہ رکھوں گا ۔ اس زمانے میں میرے ایک ہم مکتب دوست نے وہ تحریر دکھلائی ۔ ان کے پاس محفوظ تھی ۔ میں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اس پر عمل ہورہا ہے ۔ پھر فرمایا کہ اگر میں خود زمین رکھتا تو اگر کسی گنجائش کی صورت میں جواز کا فتوے دیتا ۔ تو لوگ کہتے مطلب کےفتوے ہیں جب چاہا جائز کہہ دیا۔ 10 شعبان المعظم 1335ھ بروز جمعہ ( ملفوظ 775 ) وسوسہ تصرف نفسانی ہے اس میں جسمانی قرب کی ضرورت نہیں : شیطان نے جو حضرت آدم علیہ السلام کو وسوسہ ڈالا تھا ۔ اس سلسلہ میں فرمایا کہ وسوسہ تصرف نفسانی ہے اس میں جسمانی قرب کی ضرورت نہیں شیطان زمین میں تھا ۔ یہیں سے اس نے وسوسہ ڈالا ۔