ملفوظات حکیم الامت جلد 18 - یونیکوڈ |
19 جمادی الآ خر 35 ھ بروز جمعہ ( ملفوظ 455 ) نسبت آدمیت لکھنے کی ضرورت : فرمایا کہ آجکل اپنے ناموں کے ساتھ نسبتوں کے لکھنے کا بڑا زور ہوگیا ہے چنانچہ ایک صاحب نے لکھا ہے سیفی مگر آدمی کوئی نہیں لکھا جس کی نسبت آدم علیھ السلام کی طرف ہے آج کل آدمی لکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ ڈاردن لکھتا ہے کہ آدمی بندر کی اولاد سے ہیں ڈاردن کا قول اس وجہ سے نقل فرمایا کہ ایک حکیم صاحب نے عرض کیا تھا کہ آدم علیھ السلام کی طرف تو نسبت ظاہر ہے اس وجہ سے کوئی اپنے آپ کو نہیں لکھتا پھر فرمایا کہ اب تو ضرورت ظاہر ہوگئی اور یہ لوگ آدم علیھ السلام کو مانتے بھی نہیں ہیں ۔ ( ملفوظ 456 ) تحقیق حال معالج کا کام ہے : فرمایا کہ کیفیات سے وصول یا سحرمان پر استدلال کرنا یہ مستعلج کا کام نہیں ہے اول مہں عجب کا خدشہ ہے اور ثانی میں ناشکری کا اور دونوں سالب نعمت ہیں ۔ طالب کا وظیفہ یہ ہے کہ حالت کی اطلاع دے اور اس حلت کی تحقیق یہ معالج کا کام ہے ۔ ( ملفوظ 457 ) رسومات میں شرکت کا نقصان : ایک صاحب نے اپنی بی بی کی نسبت خط میں لکھا تھا کہ ان کو 7ماہ کا حمل تھا وہ کسی شادی میں گئیں پیر پھسل گیا گر گئیں پیچش ہوگئی میں ضعیف العمر ہوں اور یہ بچے چھوٹے ہیں دعا فرمائیے کہ اللہ تعالٰی ان کو صحت عطا فرمائے ۔ اس پر فرمایا کہ یہ عورتیں رسومات نہیں چھوڑتیں اور ان صاحب کو جواب تحریر فرمایا کہ آپ ایسے موقعہ پر پھر جانے کی اجازت نہ دیں ۔ دوسرے یہ کہ خدا کرے آپ کے دل میں ایسی خود غرضی نہ رہے کہ اس کے لیے اس غرض سے شفاء کی دعاء کراتے ہیں کہ بچے چھوٹے ۔ ( ملفوظ 458 ) اپنے ضعیف کے بارے میں ارشاد : اپنے ضعیف کے متعلق فرمایا کہ اگر کوئی اللہ کا بندہ دعا کردے تو پھر دوا وغیرہ سب ایک طرف ہی رکھے رہے ۔