ملفوظات حکیم الامت جلد 18 - یونیکوڈ |
|
(ملفوظ 749) نسبت کا اثر : فرمایا کہ بڑھاپے میں نسبت قوی ہوجاتی ہے کیونکہ مدت کی نسبت ہوتی ہے نیز اہل نسبت کے پاس بیٹھنے سے روحانی قوت بڑھتی ہے بعض اوقات اس کا اثر بدن پر محسوس ہوتا ہے چنانچہ بہت بزرگوں کے بدن پر مرنے کے بعد بھی حرارت محسوس ہوئی ہے اصل میں تو یہ اثر روح ہر ہوتا ہے مگر تبعا کبھی تبرعا جسم پر بھی ظاہر ہوجاتا ہے ۔ 2 شعبان المعظم 1335 ھ بروز دوشنبہ (ملفوظ 750) مردوں کی روح کا عود کرنا غلط خیال ہے : فرمایا کہ مردوں کی روح آنے کا خیال غلط ہے کیونکہ جونیک ہیں وہ تو دنیا میں آٰنا نہیں چاہتے اور جوبد ہیں انہیں اجازت نہیں مل سکتی ۔ (ملفوظ 751) ہمزاد وغیرہ سے کام لینا جائز نہیں : فرمایا کہ ہمزاد وغیرہ کوئی چیز نہیں ہے ۔ محض قوت خیالیہ سے کوئی روح خبیث شیطان مسخر ہوجاتا ہے اس سے کام لینا بوجہ اسکے احرار پر جبر واکراہ جائز نہیں ۔ جیسے کوئی رئیس کسی چمار سے جبرا کام لے یہ جائز نہیں ۔ خصوصا ایسے کام کہ روپیہ لاؤ ۔ کھیر لاؤ کہ وہ جن کسی کی اٹھالاتا ہے یہ دو وجہ سے ناجائز ہے ایک بوجہ حرمت جبرعلی الغیر دوسرے بوجہ اتلاف مال غیر۔ (ملفوظ 752) خالق کے معنی : فرمایا کہ اصل لغت میں خالق کے معنی ہیں ۔ مادہ میں صورت بنانے والا اور مبدع مادہ کا پیدا کرنے والا ۔ حق تعالٰی کی دو صفتیں ہیں ۔ (ملفوظ 753) طریقت کا راہزن : فرمایا کہ راہزن اس طریق کا کبر ہے مثلا برا ماننا اصلاح سے اور فرمایا کہ تعلیم بدوں صحبت کے کافی نہیں ہوتی ۔ زیادہ تر صحبت کی ضرورت ہے ۔