ملفوظات حکیم الامت جلد 18 - یونیکوڈ |
( ملفوظ 553 ) مجبور ومختار میں فرق نہ کرنے والا کتے سے زیادہ بدتر ہے : فرمایا کہ جو شخص مجبور ومختار میں فرق نہ کرے وہ کتے سے بھی زیادہ بدتر ہے کتے کے اگر لکڑی مارو تو وہ بھی لکڑی پر حملہ نہیں کرتا ۔ بلکہ لکڑی مارنے والے پر حملہ کرتا ہے ۔ 9 رجب المرجب 1335 ھ بروز سہ شنبہ ( ملفوط 554 ) ہندو کا ظلم : فرمایا کہ قصائیوں کو تو ہندو لوگ ظالم کہتے ہیں مگر بعضے خود قصائیوں سے زیادہ ظالم ہیں وہ تو گائے ہی ذبح کرتے ہیں اور یہ آدمیوں کو ذبح کرتے ہیں سود لیتے لیتے تباہ کردیتے ہیں ۔ ایک شخص کہتے تھے کہ اس قوم کی حالت یہ ہے کہ ان کے پاس سو روپے ہوں اور کسی گاؤں میں جابیٹھیں ۔ بس لین دین کرکے تھوڑے دنوں میں تمام گاؤں کے مالک بن جاتے ہیں ۔ ( ملفوظ 555 ) بیماری کی پریشانی مین بیعت : ایک صاحب کی نسبت فرمایا کہ انہوں نے مجھے ڈرایا کہ میں بیمار ہوں مرجاؤں گا مجھے بیعت کرلو ۔ میں نے کرلیا اس کے بعد جب اچھے ہوگئے تو جنگ بلقان کے زمانہ میں ان کے اس قسم کے خطوط آئے کہ خدا بھی تثلیث کا حامی ہے ورنہ مسلمانوں کی فتح کیوں نہیں ہوتی ۔ ( نعوذ باللہ منھ ) یہ آکر مجھے بہت تکلیف دیتے تھے اور ان کی باتیں بالکل ریا اور تصنع کی تھیں میں نے ان سے کہا کہ آپ کو مجھ سے نفع نہ ہوگا کیونکہ مناسبت آپ کو میرے ساتھ نہیں ہے انہوں نے کہا کہ واقعی مجھے بھی آپ سے اب تک انس نہیں ہوا ۔ میں نے کہا اور جگہ بیعت ہوجاؤں ۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے بد دعا نہ کرنا ۔ میں نے کہا اللہ اکبر اتنے عرصہ تک میری نسبت اتنا بھی معلوم نہ ہوا کہ میں بد دعا کرنے والا ہوں ۔ اگر تم ایسا سمجھتے تھے تو مجھ سے بیعت کیوں ہوئے تھے کہنے لگے کہ بیماری کی پریشانی میں ہوگیا تھا ۔ ( ملفوظ 556 ) الفاظ میں مخالفت کی بو : فرمایاکہ بعضے لوگ بعض مرتبہ مہذب گفتگو کرتے ہیں ۔ مگر چونکہ ان کو اعتقاد نہیں ہوتا اس لیے الفاظ میں صاف مخالفت کی بو آتی ہے ۔