ملفوظات حکیم الامت جلد 18 - یونیکوڈ |
ہے اور دونوں میں کیا فرق ہے اور ان اخلاق کی ماہیت اسقدر دقیق ہے کہ بکثرت دھوکہ ہوجاتا ہے مولانا محمد یعقوب صاحب فرماتے تھے کہ بعض میں کبر بصورت تواضع ہوتا ہے ہم لوگوں کے الفاظ تواضع کے ہوتے ہیں لیکن واقع میں اپنے کو ایسا سمجھتے نہیں ۔ چنانچہ مدح کے جواب میں کہتے ہیں کہ میں اس قابل نہیں اس سے وہ زیادہ مدح کرتا ہے بس اچھا طریق وہ ہے جو مولانا ممدوح کا تھا کہ مداح کا در نہیں کرتے تھے ۔ چپ رہتے تھے ۔ مدح کے قطع کرنے کا یہ طریقہ ہے کہ چپ رہے اورمذمت کے وقت بھی خاموش رہے نہ اس کا اثر نہ اس کا اثر بس یہ تواضع ہے ۔ (ملفوظ 573) مقصود زینت نہیں آرام ہے : فرمایا کہ ایک مرتبہ مولانا محمد یعقوب صاحب نانوتہ سے چلے اور لحاف کی تہ اس طرح سے کی کہ ابرا اوپر اور استرا نیچے رہا ۔ کسی صاحب نے اس کو اس طرح کردیا کہ ابرا نیچے اور استر اوپر اور یہ کہا کہ بزرگوں کو ایسے امور کا تجربہ نہیں ۔ جب مولانا نے ملاخطہ فرمایا تو کہا کہ یہ کس عقلمند نے تصرف کیا ہے لحاف کے ابرے کو توگرد وغبار سے بچایا اور یہ خیال نہ کیا کہ یہ گرد و غبار میرے دماغ میں پہنچے گا ۔ لحاف اچھا ہوا یا میرا دماغ ۔ زینت مقصود نہیں ہے آرام مقصود ہے ۔ (ملفوظ 574) حضرت حاجی صاحب کی دعائیں : فرمایا کہ حضرت حاجی صاحب بہت دعائیں دیا کرتے تھے یہاں کے حالات سنکر کہ مسجد کی رونق بڑھی ہے ۔ (ملفوظ 575) سوزش کے ساتھ اتباع واحتیاط : فرمایا کہ حضرت حاجی صاحب کا کلام دیکھ کر آگ لگتی ہے جلے پھلے تھے مگر سوزش کے ساتھ اتباع واحتیاط بھی بہت تھا ۔ (ملفوظ 576) متن کی شرح : فرمایا کہ ایک بزرگ نے ایک مرتبہ حضرت حاجی صاحب کی خدمت میں عرض کیا کہ حضرت کی ضیاء القلوب کی بہت بڑی شرح ہوسکتی ہے حضرت نے فرمایا کہ متن ہم نے لکھ دیا ہے شرح تم لکھ دو ۔