بِسْمِ اللَّہِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
مقدمہ
طبع دوم
الحمدللہ و الصلوٰۃ والسلام علی رسول اللہ
مصنف کتاب اللہ تعالےٰ کی حمد میں رطب اللسان ہے کہ کتاب "مسلم ممالک کی اسلامیت و مغربیت کی کشمکش" میں اس کو ضروری اور مفید اضافے کرنے کی توفیق ملی اور اس کے دوسرے اڈیشن کی نوبت آگئی، یہ کتاب عربی میں "اصراع بین الفکرۃ الاسلامیۃ والفکرۃ الغربیۃ فی الأقطار الاسلامیۃ" کویت، کی طرف سے جس کا نام اب "دارالقلم" ہے 1968عیسوی میں شائع ہوئی، عنقریب اس کا تیسرا اڈیشن مؤخر الذکر ادارہ کی طرف سے شائع ہونے والا ہے، طباعت کی دشواریوں اور اشاعت کی سست رفتاری کی وجہ سے (کم سے کم ناچیز مصنف کی تصنیفات کے سلسلہ میں) اردو زبان، عربی سے ہمیشہ پیچھے رہتی ہے، ورنہ اس عرصہ میں اردو کے بھی متعدد اڈیشن شائع ہوجانے چاہیئے تھے، آخری عربی اڈیشن میں جو اضافے کئے گئے تھے، وہ بعض جدید اضافوں کے ساتھ اب اس نئے اردو اڈیشن میں شامل کئے جارہے ہیں، اس طرح یہ اڈیشن پہلے اردو اڈیشن کے مقابلہ میں جو 1965 عیسوی میں شائع ہوا تھا، زیادہ مفید و دقیع اور تازہ (UPTO DATE) ہے، کتاب کے آخر میں "حرفِ آخر" کے عنوان سے