بہت آگے بڑھ چکی تھی، یہاں تک کہ آخر میں مسافتیں اور فاصلے بھی اس کے لئے ختم ہوگئے اور وہ اس قابل بھی ہوگئی کہ ہوائی کرہ کو پار کرسکے، خلا میں آزادانہ سفر کرے اور کم سے کم وقت میں کرہ اراضی کے گرد چکر لگائے، اور وہ کامیابیاں حاصل کرے جو پچھلی نسلوں کے خواب و خیال میں بھی نہیں آ سکتی تھیں۔
مشرق اسلامی کے تجدد پسند رہنماؤں پر مادیت کا غلبہ!
یہ مادی رجحان اور نفسیاق مشرق اسلامی کے تجدد پسند بلکہ زیادہ صحیح الفاظ میں مغرب پرست قائدین میں بھی منتقل ہوگئی، کمال (۱) سے جمال (۲) تک اسلامی ممالک کے تمام رہنما مادیت کے عشق میں یکساں طور پر سرشار نظر آتے ہیں، انہوں نے بھی "قوت" اور "ترقی" کو ایسا معبود مطلق بنا لیا ہے، جس کی پرستش واجب ہے، اور جس کے علاوہ کوئی حقیقت موجود نہیں جس کی قربان گاہ پر ساری اخلاقی و روحانی قدریں اور ہر وہ چیز جس کی مادی افادیت نہ ہو بھینٹ چڑھا دی جانی چاہیئں۔
اس کے ثبوت کے لئے ان قومی رہنماؤں اور سیاسی لیڈروں کے بیانات، ان کے مضامین، ان کے اعلانات و منشور اور ان کی عملی کاروائیاں اور اقدامات اور وہ معاملہ جو یہ لوگ ان جماعتوں کے ساتھ کرتے ہیں، جو ان رجحانات پر تنقید کرتی ہیں، بالکل کافی ہے، جو شخص حکومت کے منصوبوں اور پلانوں اور اس کی سرگرمیوں کا دیانتدارانہ جائزہ لے گا، وہ محسوس کرتے گا کہ ان کے سامنے ملک کی صرف مادی ترقی و خوشحالی ہے، اس کا مقصد معیار زندگی کو بلند کرنا اور ان قوموں کی برداری میں شامل ہونا ہے جو مادہ اور محسوسات
------------------------------
۱۔ کمال اتا ترک ۲۔ جمال عبد الناصر