پوری زندگی پر ان کا انطباق قرآن کی روشنی میں بیان کیا اور ان سے اپنے خیالات سے رجوع کرنے اور توبہ کرنے پر اصرار کیا، معمر قذافی نے جواب دیا کہ وہ اپنے خیالات کی وضاحت اپنی ایک مستقل تصنیف میں کریں گے۔
اسلامی تقویم (کیلنڈر) پر اعتراض
حدیث کے مسئلہ پر جمہور کی رائے سے اختلاف کے بعد قذافی نے ہجری سال کے افتتاح کے موقع پر ایک تقریر میں ہجری تقویم (کیلنڈر) پر اعتراض کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہجرت سے کیلنڈر کو شروع کرنا غلطی ہے، اہم واقعہ حضور کی وفات ہے، اس لئے کیلنڈر کو یوم وفات سے شروع ہونا چاہیے۔ علماء کی تفہیم کے باوجود معلوم ہوا کہ لیبیا میں ترمیم شدہ کیلنڈر شائع کر دیا گیا۔
اس کے علاوہ اخبارات کی بعض اطلاعات سے یہ بھی معلوم ہوا کہ قرآن اور نماز کے طریقہ پر بھی قذافی کے خیالات تسلیم شدہ اسلامی عقائد و فکر سے مختلف ہیں، جن کا اظہار انہوں نے مختلف مجالس میں کیا، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے خیالات کا مرجع مستشرقین اور اعدائے اسلام کے اقوال و نظریات ہیں، یا ان کے ذہن کی تشکیل ہی ایسی ہوئی ہے۔ جس سے اس طرح کے تفردات اور جدت کا اظہار ہوتا ہے۔
لیبیا اور مراکش
لیبیا اور مراکش خالص مسلم اکثریت کے وہ دو عرب ملک ہیں، جہاں دینی دعوت، جہاد فی سبیل اللہ، اسلام کی راہ میں قربانی و سرفروشی پر ملک کی آزادی و حکومت کی بنیاد پڑی،