ان میں جاری ہے نئی تحریکیں اور کوششیں اور طاقتور فکری اور سیاسی عوامل (FACTORS) کام کرتے رہتے ہیں، اور مصنف کے لئے اپنی بڑھی ہوئی مصروفیتوں اور مستقل و روزافزوں ذمہ داریوں کی بنا پر ان تبدیلیوں کا جائزہ لینا آسان نہیں تھا اس عرصہ میں مصر، یمن، لیبیا، الجزائر، افغانستان، میں دوررس تبدیلیاں وقوع میں آئیں اور پاکستان و ایران میں بنیادی تبدیلیاں اور انقلابات رونما ہوئے، ان تبدیلیوں کے تذکرے کے بغیر اگر یہ کتاب شائع ہوجاتی تو وہ آؤٹ آف ڈیٹ (OUT OF DATE) معلوم ہوتی، اور باخبر پڑھنے والے تشنگی اور خلاء محسوس کرتے، مصنف ان تبدیلیوں اور انقلابات کا سنجیدہ اور حقیقت پسندانہ جائزہ لینے کے لئے فرصت کا منتظر تھا، اور اسی میں اس کے نئے ایڈیشن کی اشاعت میں غیر معمولی تاخیر ہوئی، بالآخر اس کو یہ کام اپنے ان عزیزوں اور سعادت مند رفقاء کار کے سپرد کرنا پڑا جن کا مطالعہ تازہ اور جن کی واقفیت ان ممالک سے قریب اور براہ راست معلومات کے ذریعہ ہے، چنانچہ ان تغیر پذیر ممالک پر اس کے ان عزیزوں نے نوٹ لکھے اور مصنف نے ان پر نظر ڈال کر ان کو کتاب میں شامل کیا، یہ کام اس کے ان تین عزیزون نے انجام دیا جو اس کے علمی اور تصنیفی کاموں میں معاون رہا کرتے ہیں، یعنی برادرزادہ عزیز سید محمد الحسنی ؎1 مدیر رسالہ "البعث الاسلامی" (عربی) اور خواہر زادگان عزیز مولوی سید محمد رابع حسنی ندوی اور مولوی سید محمد واضح حسنی ندوی (مدیران "الرائد" سلمہا اللہ تعالیٰ) مصنف ان عزیزوں کا شکر گزار اور ان کے حق میں دعا گو ہے اور اب اس کو یہ اطمینان ہوگیا ہے کہ یہ کتاب ان ممالک کے بارے میں اپٹوڈیٹ (UPTO DATE) ہے، ولعل اللہ یحدث بعد ذلک اُمرا"
اس عرصہ میں اس کتاب کے عربی اور انگریزی کے بھی متعدد ایڈیشن نکلے، امید ہے کہ یہ کتاب اسی شوق و دلچسپی سے پڑھی جائیگی جیسے کہ یہ شروع میں پڑھی گئی، اور اپنے اس مقصد کو پورا کرے گی جس کے لئے یہ لکھی گئی۔
ابوالحسؔن علی
6 صفر 1401ھ۔ 15 دسمبر 1980 عیسوی
دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
؎1 افسوس ہے کہ 14 جون 1979 عیسوی کو اس نابغہ جواں سال نے 44 سال کی عمر میں چند گھنٹوں کی مختصر علالت کے بعد انتقال کیا۔ رحمہ اللہ تعالیٰ وغفرلہ۔