مخفی طاقتوں اور خزانوں کی ناقدری
اس طرح ان اقوام کی طاقتیں، صلاحیتیں اور ترقی کے امکانات ضائع ہو رہے ہیں، جو اگر اچھی طرح استعمال کیے جاتے اور ان سے صحیح طور پر فائدہ اٹھایا جاتا اور یہ قائدین "نظری" سے زیادہ حقیقت پسند ہوتے تو ان سے عجیب کارناموں کا ظہور ہوتا اور آج اسلامی بلاک، مشرقی و مغربی بلاک کے مقابلہ میں ایک تیسرا طاقت ور اور فیصلہ کن بلاک ہوتا، اس کا سبب صرف ان قائدین کی کوتاہ نظری، مغرب کی اندھی تقلید، اور اپنے ملک میں اس کو جوں کا توں نافذ کرنے کا عزم ہے اور یہ نتیجہ ہے اس غیر ملکی ثقافت کا جس کو انہوں نے اپنے ملک سے باہر رہ کر حاصل کیا ہے یا خود اپنے ہی ملک میں اس کو اچھی طرح ہضم کیا ہے اور اس کے سامنے اپنا سر تسلیم بالکل خم کر دیا ہے۔
مغربی تہذیب کی پیروی کے نتائج !
اجتماعی و معاشرت اور سوشل زندگی میں مغربی طریقوں کی پیروی اور ان کے اصولِ زندگی اور طرزِ معاشرت کو قبول کر لینا اسلامی معاشرہ میں بڑے دور رس نتائج رکھتا ہے اس وقت مغرب ایک اخلاقی جذام میں مبتلا ہے ، جس سے اس کا جسم برابر کٹتا اور گلتا چلا جا رہا ہے اور اب اس کی عفونت پورے ماحول میں پھیلی ہوئی ہے اس مرض جذام کا سبب (جو تقریباً لاعلاج ہے) اس کی جنسی بے راہ روی اور اخلاقی انار کی ہے، جو بہیمیت و حیوانیت کے حدود تک پہونچ گئی ہے1
------------------------------
1 جس کا ایک نمونہ (جو محض سیاسی اسباب کی بنا پر منظر عام پر آیا) پروفیومو کے رسوائے عالم واقعہ John ProfumoScandal اور ڈاکٹر کے مقدمہ کے سلسلہ میں نظر آتا ہے۔