دوسرا موقف
دوسرا موقف شکست خوردگی، مکمل شپردگی اور ایک عقیدت مند اور سرگرم مقلد اور ایک ایسے ہونہار و سعادت مند شاگرد کا ہے، جو ابھی سن بلوغ کو نہیں پہنچا اور وہ یہ ہے کہ عالم اسلام کا کوئی حصہ اس مادی، مشینی اور اپنا مخصوس مزاج و ذہن رکھنے والی تہذیب کو جوں کا توں قبول کر لے اور اس کے سارے بنیادی عقائد و فکری رحجانات، مادی افکار و خیالات اور سیاسی و اقتصادی نظام پر ایمان لے آئے (جو عالم اسلام کے ماحول سے بہت دور نہایت مختلف حالات میں پیدا ہوئے اور ان ہی حالات میں ان کی تشکیل اور پرورش ہوئی) پھر اپنے ملک میں اس کی مکمل نقل کرنا چاہے اور اس کے لئے ہر قسم کی قربانی کرنے اور اس کے لئے بڑی سے بڑی قیمت ادا کرنے پر آمادہ ہو۔
ترکی کو "مغرب" بنانے کی کوشش اور اس کے اسباب
اس طرز فکر اور طریقہ کار کا سب سے پہلے ترکی میں تجربہ کیا گیا، ترکی میں یہ رحجان بہت سے طبع عوامل اور ایک طویل تاریخ کا نتیجہ تھا۔
ترکی نے ایک طویل عرصہ تک کسی تیاری اور دشمن کے علمی و صنعتی ہتھیاروں سے مسلح ہوئے بغیر یورپ کا مقابلہ کیا، اس نے یورپ سے مفید علوم، ضروری صنعتوں، فوجی تنظیم کے طریقوں کو