احداد کا بیٹا عبدالقادر باپ کا جانشین ہوا۔ لیکن یہ ترک مخالفت کر کے شاہ جہان بادشاہ کے دربار میں حاضر ہوا اور امرائے شاہ جہانی میں داخل ہوگیا۔ جلالہ کا ایک بیٹا الہ داد شاہ جہان بادشاہ کی طرف سے رشید خانی خطاب اور منصب چار ہزاری سے سرفراز تھا۔ (دبستان مذاہب وغیرہ)
۲۱… احمد بن عبداﷲ سلجماسی
ابوالعباس احمد بن عبداﷲ بن محمد سلجماسی مغربی معروف بہ ابن ابی محلّی مؤلف کتاب عذراء الوسائل وہودج الرسائل مہدویت کا مدعی تھا۔ ۹۶۷ھ میں بمقام سلجماسہ جو ملک غرب میں پیدا ہوا۔ عنفوان شباب میں فارس گیا اور وہاں کے علماء سے اکتساب علوم کرتا رہا۔ پھر حج کر کے مصر گیا اور علمائے مصر سے علمی فیوض حاصل کئے۔ اس کے بعد اس نے حضرت مہدی منتظر علیہ السلام کے ظہور کے موضوع پر ایک کتاب لکھی جس میں ان کے اوصاف جمیلہ اور علامات مختصہ درج کئے۔ گو اس میں ضعیف روایتوں کی بھی خوب برمار کر رکھی تھی۔ تاہم کتاب من حیث المجموع مفید ثابت ہوئی۔
یہ تالیف گویا دعوائے مہدویت کی تمہید تھی۔ چنانچہ ۱۰۳۱ھ میں اس نے دعوائے مہدویت کردیا۔ ہزارہا لوگوں نے اس کی متابعت کی۔ اس شخص کا معمول تھا کہ روسائے قبائل اور عمائد بلاد کی طرف خطوط بھیج بھیج کر ان کو اعمال صالحہ بجالانے اور سنت نبوی پر عمل پیرا ہونے کی ترغیب دیتا اور چٹھی کے اخیر میں لکھ دیتا کہ میں وہی مہدیٔ منتظر ہوں۔ جس کے ظہور کی حضرت مخبر صادق نے پیش گوئی کر رکھی تھی جو میری متابعت کرے گا وہ مفلح وکامگار ہوگا اور جو کوئی متخلف رہے گا۔ قعر ہلاکت میں جاپڑے گا۔ یہ شخص اپنے حاشیہ نشینوں سے کہا کرتا تھا کہ تم لوگ پیغمبرﷺ کے اصحاب سے افضل ہو۔ کیونکہ تم ایک باطل زمانہ میں نصرت حق کے لئے کھڑے ہوئے ہو اور صحابہ کرامؓ زمن حق میں تائید حق کے لئے کھڑے ہوئے تھے۔
جب اس کے پیروؤں کی تعداد بڑھ گئی تو اس نے امر معروف اور نہی عن المنکر کا وعظ شروع کیا۔ جس کے ضمن میں اپنے متبعین کو ملک گیری کی ترغیب دیتا رہا۔ اس کے بعد اس نے اس قصور پر کہ اس کی پیروی سے احتراز کرتے تھے۔ اہل ایمان کی ایذارسانی کا شیوہ اختیار کیا۔ بہتوں کو لوٹا اور اکثر کو جلاوطن کر دیا۔ جب کوئی کہتا کہ حسب ارشاد نبویﷺ مسلمان وہ ہے جس کے ہاتھ اور زبان سے مسلمان سلامت رہیں تو جواب دیتا کہ میرا غیظ وغضب محض اﷲ کے لئے ہے۔