شان مرتضوی … بتیسویں حدیث
’’عن سعد ابن ابی وقاصؓ قال قال رسول اﷲﷺ لعلیؓ انت منی بمنزلۃ ہارون من موسیٰ الا انہ لا نبی بعدی‘‘ (بخاری، مسلم، مشکوٰۃ باب مناقب علیؓ)
حضرت سعد بن ابی وقاصؓ فرماتے ہیں کہ رسول خداﷺ نے حضرت علیؓ کے لئے فرمایا کہ تم مجھ سے (ایسے ہی تعلق رکھتے) ہو جیسے ہارون موسیٰ سے رکھتے تھے مگر تحقیق شان یہ ہے کہ میرے بعد کوئی نبی نہیں۔
تشریح
اس حدیث میں حضرت علی مرتضیٰؓ کی تعریف بزرگی، زہد وتقویٰ، قدرومنزلت بیان ہورہی ہے کہ اے میرے پیارے بھائی اور داماد سنو اور خوش ہو کہ تم کو اﷲ تعالیٰ نے میرا خلیفہ اسی طرح بنایا ہے۔ جس طرح حضرت موسیٰ علیہ السلام کا خلیفہ حضرت ہارون کو بنایا تھا۔ مگر تم میں اور ہارون علیہ السلام میں فرق یہ ہے کہ موسیٰ علیہ السلام اﷲ کے رسول تھے اور نبی بھی اور ان کے بھائی حضرت ہارون علیہ السلام حضرت موسیٰ علیہ السلام کی شریعت کی پیروی کرتے تھے۔ اور پھر خود بھی صاحب نبوت تھے کیونکہ اس وقت نبی کا خلیفہ نبی ہی ہوسکتا تھا۔ خداکو اسی طرح منظور تھا۔ مگر اے پیارے علی! اب چونکہ میرا خلیفہ نبی نہیں ہوگا۔ بلکہ امتی ہوگا اس لئے تم نبی نہیں ہو۔
نوٹ… یہ الفاظ حضور نے کیوں بیان فرمائے؟ اس بات کا جواب حدیث۳۳؍میں ملاحظہ فرمائیں۔
بیان علیؓ … تینتیسویں حدیث
’’عن علیؓ ان النبیﷺ قال خلقتک ان تکون خلّفتک قلت التخلف عنک یا رسول اﷲ قال الا ترضیٰ ان تکون منی بمنزلۃ ہارون من موسیٰ الا انہ لا نبی بعدی‘‘ (مسلم، طبرانی فی الاوسط)
حضرت علیؓ سے روایت ہے کہ نبی کریمﷺ نے فرمایا کہ اے علیؓ! میں تجھے اپنی جگہ چھوڑ کر جہاد کو جاتا ہوں۔ تاکہ تو میری جگہ (میرے بعد) خلیفہ بنو۔ (حضرت علیؓ فرماتے ہیں) میں نے کہا کیا میں آپ کا خلیفہ بنوں، اے اﷲ کے رسول؟ (حضورﷺ نے) فرمایا کیا تو راضی نہیں تو میرے لئے (ایسا ہو) جیسے موسیٰ کے لئے ہارون تھے مگر بے شک میرے بعد کوئی نبی نہیں۔