انس بن مالک کہتے ہیں کہ فرمایا رسول اﷲﷺنے بے شک رسالت اور نبوت منقطع ہوچکی پس نہ کوئی رسول میرے بعد اور نہ کوئی نبی میرے پیچھے ہوگا۔
تشریح
اس حدیث میں بھی مندرجہ ذیل فقرہ قابل غور ہے۔ ’’فلا رسول بعدی ولا نبی‘‘ پس نہیں ہے رسول میرے بعد اور نہ نبی میرے پیچھے۔ حضرت محمد رسول اﷲﷺ نے رسول اور نبی کا الگ الگ نام لے کر فرما دیا کہ اب میرے نبی ہونے کے بعد نہ کوئی رسول ہوگا۔ جو صاحب شریعت ہو۔ جس کو بذریعہ وحی کوئی کتاب ملی ہو اور نہ کوئی نبی ہوگا۔ نبی رسول کو بھی کہتے ہیں جو صاحب شریعت ہو اور جو صرف نبی ہی ہو۔ وہ رسول کے ماتحت بھی ہوتا ہے تو حضورﷺ نے فرمایا کہ شریعت والا کوئی نبی نہ آئے گا اور نہ غیر تشریعی نبی آئے گا۔ بالکل ہر طرف ہر قسم سے دروازہ رسالت ونبوت بند ہوچکا ہے۔ اب اگر کوئی فرد یا گروہ تشریعی غیر تشریعی ظلی یا بروزی نبوت کی تبلیغ کرے تو وہ پاگل ہے۔ اس کا علاج تو بریلی کے پاگل خانے میں کرانا چاہئے۔
سارے جہاں کا ایک ہی نبی … سترھویں حدیث
’’عن ابی سعیدؓ قال قال رسول اﷲﷺ یاایہا الناس ان ربکم واحد واباکم وواحد ودینکم واحد ونبیکم واحد لا نبی بعدی‘‘ (کنزالعمال)
حضرت ابوسعید سے روایت ہے کہا کہ فرمایا حضرت رسول اﷲﷺ نے: اے لوگو! تحقیق تمہارا پروردگار ایک ہے اور تمہارا باپ ایک ہے اور تمہارا دین ایک ہے اورتمہارا نبی ایک ہے۔ نہیں ہے نبی میرے پیچھے
تشریح
یہاں بھی الفاظ مذکورہ ذیل کو بغور ملاحظہ فرمائیں۔
۱… یاایہا الناس… اے کائنات انسانی کے فرزندو! سنو اور خوب یاد رکھو کہ۔
۲… ان ربکم واحد… بیشک تمہارا پروردگار حقیقی پالنہار خدا صرف ایک ہے۔
۳… وابا کم واحد… اور تمہارا باپ یعنی آدم علیہ السلام بھی ایک ہے۔
۴… ودینکم واحد…اور تمہارا دین (جو حضور کو خدا سے ملا ہے۔) بھی ایک ہے۔
۵… ونبیکم واحد… اور تمہارا نبی تمام جہان کے لئے قیامت تک صرف ایک ہے۔
۶… لا نبی بعدی… اس لئے میں تمہیں آگاہ کرتا ہوں کہ میرے بعد کوئی نبی نہیں ہے۔