میں ضرور پریشان ہوتا ہوں ، لیکن یہ بھی عجیب بات ہے کہ میں کچھ الٹا قلب لایاہوں ، جس سے سارا عالم راحت وآرام محسوس کرتا ہے ، مجھے اس سے وحشت ہوتی ہے ، اور جس کو لوگ رنج وغم سے تعبیر کرتے ہیں ، اس سے میرے قلب وجگر کو زندگی حاصل ہوتی ہے ، آنکھیں جب خشک ہوتی ہیں ، تو زندگی بھی دھواں دھواں ہوجاتی ہے اور محبت جب دل میں چٹکیاں لیتی ہے ، تو آنکھیں برسنا شروع کردیتی ہیں ، پھر سبزۂ حیات لہلہانے لگتا ہے ، جس کی زندگی غم واندوہ سے خالی دیکھتا ہوں تو مجھے شبہ ہوتا ہے کہ یہ زندہ بھی ہے یا موت کی گہرائیوں میں فنا ہوچکا ہے ، اور جسے تڑپتا ، روتا اور فریاد کرتا پاتا ہوں ، سمجھ جاتا ہوں کہ پہلو میں کچھ ہے ، جو چین لینے نہیں دیتا ۔ آپ سوچتے ہوں گے کہ میں تو مصیبت میں ہوں ، اور یہ کیاکیا لکھے جارہا ہے۔ سنئے! یہ مصیبت نہیں ہے ، محبوب کی چھیڑ چھاڑ ہے ، اور چھیڑ چھاڑ عاشق دیوانہ ہی سے کی جاتی ہے ، آپ تو دیوانے ہیں ؟ کس کے ؟ آہ! اس کے دیوانے ہیں ، جس کے لئے دیوانہ ہونا ، زندگی کی سب سے قیمتی متاع ہے ، جب دوسری دنیا میں آنکھ کھلے گی ، تو آپ دیکھیں گے یہ ساری کلفتیں میزانِ عمل پر گراں تر تلیں گی ۔ ایک کا ہزاروں بھاؤ رہے گا ۔
اس سے پہلے خط میں میں نے ایک بات لکھی تھی کہ حجن محترمہ جب تک جلد جلد آتی رہیں گی، منزل دور رہے گی، اور جب عرصہ تک ان کا آنا موقوف ہوگا ، تو منزل قریب ہوگی ۔ آپ نے آخری خط میں یہی خبر دی ہے کہ انھوں نے آنا بند کررکھا ہے ، لیکن میں آپ سے عرض کرتا ہوں کہ ابھی جانے کا قصد مت کیجئے ۔ میرا ارادہ جلد ہی آپ کی زیارت کرنے کا ہے ، کم ازکم ایک بار اور ملاقات ہولے ، پھر رُخصت ہوئیے گا ۔ آپ کی نگاہِ محبت ایک بار اور میرے اوپر پڑنی چائے ۔ مجھے آپ سے میراث میں محبت ہی لینی ہے ۔ آپ کچھ تو مجھے دیں گے ، میں اسی جذبہ کا بھوکا ہوں ۔