مولانا نعیم الظفر ومولانا افتخار سالک( مالیگاؤں )
یہ دونوں نوجوان عالم مالیگاؤں کے رہنے والے ہیں ۔ مولانا نعیم الظفر صاحب مشہور بزرگ عالم مولانا محمد حنیف ملی علیہ الرحمہ کے صاحبزادے ہیں ، اور مولوی افتخار سالک مولانا مرحوم کے شاگرد ہیں ، مالیگاؤں میں ان دونوں سے بہت قربت ہوئی تھی۔
عزیزانِ گرامی قدر مولوی نعیم الظفر ومولوی افتخار سالک سلمھما!
السلام علیکم ورحمۃ اﷲ وبرکاتہٗ
مولانامحفوظ الرحمن صاحب ( شیخ الحدیث مدرسہ بیت العلوم مالیگاؤں ) کے نام ایک خط لکھ چکا ہوں ، اس میں تم دونوں عزیزوں کو سلام لکھاہے ، لیکن تم دونوں کی محبت وخدمت اور تعلق خاطر کا تقاضا ہے کہ تمہیں الگ سے خط لکھوں ، مجھے صرف اتنے سے تسکین نہیں ہوئی کہ واسطوں سے سلام پہونچادوں ، اور بس ۔
مولوی نعیم الظفرتو میرے عزیز ہیں ، قریب ہیں ، پہلے سے انھیں جانتا ہوں ، محبت رکھتا ہوں ، قدر کرتا ہوں ، میرے وطن جاچکے ہیں ، ان سے جو محبت تھی ، ملاقات سے اس میں تازگی آئی ، اضافہ ہوا ، ان کے انگریزی اسکول میں جانے سے غصہ آیا ، سوچتا رہتا ہوں کہ اس سے نکل کر خالص دینی اور علمی حلقوں میں ترقی کریں ، ہماری اچھی صلاحیتیں کیوں ہمارے ہاتھ سے نکل کر دنیاوی چہ بچوں میں گرجاتی ہیں ، مالیگاؤں والوں نے دین اور دنیا کا آمیختہ تیار کرنا چاہا ہے ، اس کا اثر وہاں علماء پر ، طلباء پر ، مدارس پر ، دیکھ آیا ہوں ۔ انگریزی تہذیب کی گردن میں اسلامی تہذیب کا کرتا ، یا