﷽
تقریظ حضرت مولانامفتی ابوالقاسم نعمانی دامت برکاتہم
شیخ الحدیث جامعہ اسلامیہ ریوڑی تالاب ،بنارس
فاضل گرامی حضرت مولانا اعجاز احمد صاحب اعظمی متعنا اﷲ بفیوضہ ومکارمہ کا مجموعۂ مکاتیب ’’ حدیث دوستاں ‘‘ کے نام سے شائع ہونے جارہا ہے ۔ ان مکاتیب کا ایک بڑا حصہ مدرسہ شیخ الاسلام شیخوپور ،اعظم گڈھ سے شائع ہونے والے علمی ودینی ماہنامہ ضیاء الاسلام میں شائع ہوچکا ہے ، ان کے علاوہ اس مجموعہ میں بہت سے غیر مطبوعہ مکاتیب بھی شامل ہیں ۔ترتیب وتبویب کی سعادت حضرت مولانا کے تلمیذ ارشد ، مزاج شناس رفیق کار اور ہونہار عالم دین مولانا ضیاء الحق خیرآبادی کے حصہ میں آئی ہے جو خود بھی مطالعہ کے شوقین اور بہترین مضمون نگار ہیں ، ضیاء الاسلام کی ادارت کا فریضہ بھی وہی انجام دے رہے ہیں ۔ مجھے اس مجموعہ کی اشاعت کا انتظار تھا ،اور اشاعت کی اطلاع ملنے سے بے حد مسرت ہوئی ، ضیاء الاسلام کے شماروں میں میری نگاہیں سب سے پہلے اسی صفحہ کی تلاش میں رہتی ہیں جس پر ’’ حدیث دوستاں ‘‘ کا عنوانِ جلی رقم ہوتا ہے ، بڑے ذوق شوق کے ساتھ ان صفحات کو پڑھتا ہوں اور اُن کے سحر میں گم ہوجاتا ہوں ۔ جن دوستوں کو مولانا ان خطوط میں مخاطب بناتے ہیں ان میں اکثر مولانا کے وہ تلامذہ ومسترشدین ہوتے ہیں جو اپنے