بنام مولانا محمد رضوان صاحب بمہور
یہ مکاتیب حضرت مولانا کے رفیق درس حضرت مولانا محمد رضوان صاحب کے نام لکھے گئے ۔ مولانا موصوف استاذ محترم کے بچپن کے بے تکلف دوست ، رفیق درس اور ان کے عظیم المرتبت استاذ حضرت مولانا محمد مسلم صاحب بمہوری علیہ الرحمہ کے چھوٹے بھائی ہیں ،جامعہ عربیہ احیاء العلوم مبارک پور کے ممتاز طالب علم اور دارالعلوم دیوبند کے فاضل! بہت نیک، بہت متواضع ، خاشع اور خاضع ، نام الٰہی کا ذوق رکھنے والے ۔ بہت عرصہ تک جامعہ حسینیہ لال دروازہ جون پور میں استاذ رہے ، اور اب جامعہ رشیدیہ بمہور ضلع اعظم گڈھ میں صدرالمدرسین ہیں ۔ مکتوب نگار کوان سے گہرا لگاؤ اور قلبی محبت ہے ۔ اس کے آثار ان خطوط سے نمایاں ہیں ۔درجِ ذیل خط ان کے اس عنایت نامہ کا جواب ہے جو انھوں نے جونپور سے حضرت الاستاذ مدظلہ کے نام بھیجا تھا ، جس کا حاصل یہ تھا کہ ’’ بڑی پریشانی کے عالم میں رہتا ہوں ، مدرسہ کے کاموں کی بھیڑ کی وجہ سے ذکر وغیرہ چھوٹ جایا کرتے ہیں ، پھر کوشش کرکے راستے پر لگتا ہوں ، جب ذکر چھوٹ جاتا ہے تو کسی کام میں جی نہیں لگتا ۔ استقامت اور دوام کے لئے خصوصی دعا فرمائیں ۔( ضیاء الحق خیرآبادی )