(۷)
عزیزی مولوی وسیم احمدسلمہ الصمد
السلام علیکم ورحمۃ اﷲ وبرکاتہ
کل تمہارا مکتوب عزیز دستیاب ہوا ،مسرت ہوئی ، الحمد ﷲ بخیریت ہوں ۔
کل راشد(۱) کا خط بھی تمہارے خط کے ساتھ آیا ،انھوں نے عربی میں لکھا تھا ، اصلاح کرکے ان کو بھیج رہا ہوں ، ویسے انھیں میری جدائی سے بڑا قلق ہے ۔
عزیزمن ! اس وقت وہ اور تم ہو کہ دونوں نے خطوط کا سلسلہ جاری رکھا ہے اور طبیعت پر پرانی یادیں تازہ ہوتی رہتی ہیں ، باقی سناٹا ہے ، یا بقول تمہارے ’’ ٹھنڈی سانس لی ‘‘ میرے خیال میں مقامات حریری کے درس میں شرکت مناسب رہے گی ، کیونکہ اس سال دارالعلوم کے نصاب میں مختارات کے ساتھ غالباً مقامات کے ابتدائی دس مقالے بھی ہیں ،ا س لئے اس سے مناسبت ہونی بھی ضروری ہے ، اس کے بعد اگر وقت اجازت دے تو مشق تجوید میں بھی حصہ لو کہ قرآنی حروف کی درستگی بھی نعمت عظمیٰ ہے ، تاہم زیادہ اس کی کوشش ہونی چاہئے کہ قرآنی ہدایات زندگی میں رچ بس جائیں ، حضور اکی ایک طویل دعا ہے جس میں آپ نے خدا کی عظمت وجبروت اور بہت سی چیزوں کا واسطہ دے کر خداسے سوال کیا ہے کہ : أن ترزقنی القرآن العظیم وتخلطہ بلحمی ودمی وسمعی وبصری وتستعمل بہ جسدی بحولک وقوتک فإنہ لاحول ولاقوۃ إلا بک ، کہ یا اﷲ میں آپ سے سوال کرتا ہوں کہ آپ مجھے قرآن عظیم نصیب فرمائیں اور اسے میرے گوشت ، خون ، کان ، آنکھ میں پیوست کردیں ، اوراس پر میرے جسم کو عامل بنادیں ، محض اپنی قدرت وقوت سے ، کیونکہ طاقت وقدرت صرف آپ ہی کو ہے ۔