قسم کی میری عادت نہیں ہے ، نوٹ کرنے کی وجہ یہ ہوئی کہ اس میں زندگی کے نواُصول بیان فرمائے گئے ، وہ اتنے جامع ہیں کہ ان پر عمل کرلیا بس اس میں کمال پیدا ہوجائے گا ، انشاء اﷲ آئندہ مکتوب میں لکھ کر بھیجوں گا(۲)۔ ہاں چلتے چلاتے یہ بات بھی سن لو کہ خط میں سلام مسنون کا لکھنا کچھ زیادہ پسندیدہ معلوم نہیں ہوتا اسے چھوڑ دو ، اسی طرح آداب وتسلیمات جو لکھتے ہو وہ بھی قابل ترک ہے ، باقی خیریت ہے ۔
اعجازاحمد اعظمی
۲۸؍ ذوالحجہ ۱۳۹۳ھ
(۱) اس کتاب میں ابتداء اسلام سے لے کر اس کے عہد تصنیف تک کی مکمل اسلامی تاریخ طلبہ کے معیار کو سامنے رکھ کر لکھی گئی ہے۔ اس کے مولف قاضی زین العابدین سجاد میرٹھی اور مفتی انتظام اﷲ شہابی اکبرآبادی ہیں ، پہلے یہ گیارہ حصوں میں ندوۃ المصنفین دہلی سے شائع ہوئی تھی ، اب دیوبند سے اس کے تمام حصے تین ضخیم جلدوں میں شائع ہوگئے ہیں ۔(۲) مکتوب نمبر ۷ دیکھئے۔
٭٭٭٭٭
(۲)
عزیزم مولوی وسیم احمدسلّمہ
السلام علیکم ورحمۃ اﷲ وبرکاتہ
امیدکہ اچھے ہوگے ، آج غازی پور آیا، تمہارے دونوں خطوط ملے ، خوشی ہوئی ، یہ بڑی سعادت کی بات ہے کہ محبت وارادت کا تعلق باقی ہے ، تمہاری سلامت طبعی کی وجہ سے پُر امید ہوں کہ اس میں مزیداستحکام ہی پیدا ہوگا ، میری توجہ ہمیشہ تم لوگوں کی طرف رہتی ہے ، دعا کرتا رہتا ہوں ۔ عزیزم جاویدسلّمہ سے کہو کہ نماز، باجماعت کی پابندی کا التزام کرے کیونکہ علم دین کا حصول اس کے بغیر خواب وخیال ہے ، میں جہاں تم لوگوں کو علم کے اعلیٰ معیار پر دیکھناچاہتا ہوں اسی طرح بلکہ اس سے بڑھ کر عملی