بنام انیس بھائی( الہ آباد)
الہ آباد کے زمانۂ قیام میں جن شخصیتوں نے دل پر گہرا نقش جمایا ، ان میں ایک اہم شخصیت جناب انیس بھائی کی ہے ۔ پور خاص ضلع الہ آباد کے رہنے والے! محب بھی اور محبوب بھی ! ان سے دل کو بہت گہرا تعلق ہوا، اتنا گہرا کہ ان کی شخصیت دل میں اتر گئی۔ الہ آباد چھوڑے ہوئے تقریباً ۳۰؍ سال گزر گئے، مگر محبت کا نقش مدھم تو کیا ہوتا اور تابناک ہوتا جارہا ہے، لمباقد، تواضع کی وجہ سے قدرے جھکاہوا، سر میں اور داڑھی میں اس وقت سیاہی غالب تھی ، اوراب سفید برق ہیں ، دل کا نور چہرے اور بالوں سے پھوٹا پڑتا ہے، بہت باغ وبہار ،دلچسپ ،ظریف الطبع، ساتھ ہی نہایت رقیق القلب، خوف وخشیت سے لبریز دل ، محبتِ رسول میں سرشار، عشق الٰہی میں سرمست!
یہ سر مستی اور سرشاری زور کرتی ہے تو طبیعت جھومتی ہے۔ اورحمد ونعت کے اشعار ڈھلنے لگتے ہیں ، پھر جب وہ اپنے خاص ترنم سے پڑھتے ہیں تو سننے والے جھوم جاتے ہیں ، محبت میں بے تاب ہوجاتے ہیں ۔ صاحب دل آدمی اپنی آنکھوں پر قابو نہیں پاتا،اشعار کی حلاوت ، لہجہ کی گھلاوٹ، ترنم کا سوز اور آواز کا گداز، سب مل کر وہ حالت پیدا کرتی ہے کہ ؎
ساغر کو مرے ہاتھ سے لینا کہ چلا میں
یہ ہے شخصیت انیس بھائی کی! دلکش اور دل آویز۔ ان کے نام خطوط میں شخصیت کا اثر قارئین محسوس کریں گے۔