وترساں رہنا چاہئے ، اور اسی سے حفظ ونگہداشت کی دعا کرتے رہنا چاہئے ، اﷲ تبارک وتعالیٰ تمہیں کامیاب وبامراد بنائیں ۔ دعا کرتا ہوں کہ یہ نئی کھیپ جو طلبہ واساتذہ کی تمہارے یہاں پہونچی ہے وہ مبارک ثابت ہو ، اورجامعہ اسلامیہ تلون وتغیر کی مصیبت سے محفوظ رہے ، ہوسکے تو مولوی امین اور عبد القدوس سے سلام کہو ، جمعرات کو انشاء اﷲ بنارس آؤں گا ۔ والسلام
اعجازاحمدا عظمی
۲۵؍ جمادی الاولیٰ ۱۳۹۴ھ
٭٭٭٭٭
(۱۲)
عزیزوسیم احمدسلّمہ
السلام علیکم ورحمۃ اﷲ وبرکاتہ
تمہارا خط ملا ، اس امتحان کو ہَوّا نہ سمجھو ، تمہارا اپنا سالانہ امتحان جیسا ہوتا ہے ، اس سے کچھ آسان ہی ہوگا ، انشاء اﷲ نصاب جتنا ہوا ہے ٹھیک ہے ۔ جلداول میں کتاب الحج اور کتاب الزکوٰۃ مستثنیٰ نہیں ہے ، اچھی طرح سے تیاری کرلو ، گھبرانے سے بھی کوئی کام بنتا ہے ، اﷲ نے صلاحیت دی ہے ، اب یہی تو وقت آیا ہے صلاحیت آزمانے کا ، تمہیں تو خوش ہونا چاہئے ، ابھی دس پندرہ روز باقی ہے ، کتابوں میں ڈٹ جاؤ ، نصاب اور کتابیں اتنی زیادہ نہیں ہیں کہ بہت بوجھ ہوجائے ، خاطرجمع رکھو ، انشاء اﷲ نتیجہ اچھا آئے گا ۔ دعا کرتا ہوں اورخاص طور سے کرتا ہوں ، اﷲ کی ذات سے امید ہے کہ وہ کسی کی محنت رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔ والسلام
اعجازاحمداعظمی