بنام مولانا حافظ محمد مسعود صاحب ( امام مسجد رحمت ،مدینہ منورہ شریف)
پاکستان کے رہنے والے ، عرصہ سے جوارِ رسول امیں قیام کا شرف رکھنے والے ، سراپا اخلاص، پیکر محبت ، بے عذر صاحب خدمت ، علم وعمل کے جامع ، خوش مزاج ، صاحب سوز وگداز ایک بہترین انسان اور بہترین مسلمان ! ۱۹۸۹ء میں جب پہلی مرتبہ مدینہ طیبہ کی حاضری کا شرف حاصل ہوا تو میرے عزیز دوست مولانا حکیم الدین صاحب کے واسطے سے حافظ صاحب سے ملاقات ہوئی ۔ پہلی ہی ملاقات میں ان کی محبت دل نشیں ہوگئی اور ان کی طرف سے بھی وہ برتاؤ ہواکہ مجھے اپنی محبت ہیچ معلوم ہونے لگی۔ ان سے اب تک وہی تعلق اور محبت برقرار ہے بلکہ روز افزوں ہے۔ خط لکھنے کی نوبت کم ہی آئی ، لیکن حاضریٔ مدینہ اور ٹیلیفون کے واسطہ سے برابر رابطہ قائم رہتا ہے۔ وہ اکثر اس گناہ گار کاسلام اور درخواستِ دعا حضور رسالتماب ا کے دربارِ گہربار میں پیش فرماتے رہتے ہیں ۔