بنام مولانا صفی اﷲ مدھوبنی
عزیزم مولوی صفی اﷲ سلّمہ ضلع مدھوبنی ، بہار ، کے رہنے والے سعادت مند طالب علم تھے ، جس وقت یہ خط لکھا گیا ، وہ دارالعلوم دیوبند میں زیر تعلیم تھے ، اس سے پہلے مدرسہ دینیہ غازی پور میں اس خاکسار کے پاس پڑھتے تھے ، اب ماشاء اﷲ مدھوبنی شہر میں ایک مدرسہ میں مدرس ہیں ، تعلیم کے ساتھ تجارت کا مشغلہ بھی ہے ، بہت کامیاب تاجر ہیں ، اﷲ تعالیٰ برکت دے ۔( اعجاز احمد اعظمی)
عزیزم مولوی صفی اﷲ سلّمہ السلام علیکم ورحمۃ اﷲ وبرکاتہٗ
تمہارا خط ملا ، میں دعاء تو تم لوگوں کے لئے کرتا ہی ہوں ، تم لوگ بھی اس کا لحاظ رکھو کہ وقت لہو ولعب ، فضولیات وخرافات میں نہ گزرے ، مقصد صرف علم دین کی تحصیل ہی نہیں بلکہ اخلاقِ فاضلہ اور خصائل حمیدہ کا بھی حصول ہے ، اور دونوں کا ایک دوسرے سے ربط ہے ، انسان اگر اپنے اخلاق واعمال کے لحاظ سے بلند اور ممتاز ہوگا تو اس کا علم بھی معتبر اور کار آمد ہوگا ، اور اگر علم نافع اسے حاصل ہورہا ہے تو لازماً اس کے اخلاق وعادات بہتر سے بہتر ہوتے چلے جائیں گے ، ایک کے بغیر دوسرا چنداں قابل