بنام مولانا حافظ قمرالدین صاحب جونپوری
ضلع جون پور کے ایک گاؤں نوناری کے رہنے والے، محبت ومحبوبیت کے پیکر ، مہمان نوازی میں اشرافِ عرب کے نمونہ ، سخاوت کے ابر کرم ، بے تکلف دوست بھی اور بہت ہی محترم بزرگ بھی ۔ استاذ محترم حضرت مولانا محمد مسلم صاحب علیہ الرحمہ کے حوالہ سے انھوں نے تعلق اور دوستی کی بنیاد رکھی ، وہ ان کے ہم عصر اور ساتھی ، میں ان کا ایک ادنیٰ سا شاگرد ، مگر محبت نے جب سر ابھارا،اور اس کی جڑیں دل کی گہرائیوں میں اتریں تو بزرگی اور خوردی کا امتیاز اس نے مٹاڈالا۔ وہ ٹوٹ کر محبت کرتے ہیں اور اِدھر بھی دل کیا ہے ؟ دیوانہ ہے ، محبت کی خوشبو پاکر لوٹ پوٹ ہوجاتا ہے۔
مولانا پر دل کا دورہ پڑا، یہ خط اس سے متاثر ہوکر لکھاگیا تھا۔