بنام حضرت ماسٹر محمد قاسم صاحب مدظلہ
ناظرین کرام !درج ذیل مکاتیب استاذ محترم مدظلہٗ کے ، اور ہم سب کے مخدوم وبزرگ حضرت اقدس ماسٹر محمد قاسم دامت برکاتہم کے نام ہیں ۔حضرت مدھوبنی ضلع کے ایک گاؤں کھور مدن پور کے رہنے والے ہیں ،مدرسہ عربیہ اشرفیہ پوہدی بیلا ضلع دربھنگہ کے ناظم اور ذمہ دار ہیں ۔ بزرگوں کے نام کے ساتھ ’’ ماسٹر ‘‘ کا لاحقہ عجیب سا لگتا ہے ، مگر حضرت اقدس اسی لاحقہ کے ساتھ معروف ہیں ، واقعی ایک اسکول میں پڑھاتے تھے ، اب ریٹائر ہوچکے ہیں ، حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی قدس سرہٗ کے ایک برگزیدہ خلیفہ حضرت مولانا شاہ سراج احمد صاحب امروہوی نوراﷲ مرقدہٗ کے نہایت بافیض اور صاحب کرامت مجازِ بیعت ہیں ،بے نفسی وتواضع کے پیکر جمیل ، خلوص وللٰہیت کے ایک دلکش مرقع ، صورت دیکھئے تو اﷲ یاد آئے ، مجلس میں بیٹھئے تو سکون وطمانینت نچھاور ہو ، دربھنگہ کے رہنے والے ، بہار کے مسلّم بزرگ ! بہت ہی مستجاب الدعا بزرگ !
ہمارے استاذ محترم مدظلہٗ کو ان سے دیرینہ تعلق ہے ، باہمی مراسلت کا ایک طویل سلسلہ ہے، دونوں طرف کے خطوط کی تعداد بہت زیادہ ہے ، یہاں ہم استاذ محترم کے خطوط کا جو حضرت اقدس ماسٹر صاحب مدظلہٗ کے نام لکھے گئے ہیں ، ایک مختصر سا انتخاب پیش کرتے ہیں ۔ ( ضیاء الحق خیرآبادی )