بنام مولانا ابواللیث صاحب خیرآبادی
مولانا ابواللیث صاحب خیرآبادی ، ہمارے مولانا کے بچپن کے دوستوں میں ہیں ۔ دارالعلوم دیوبند سے فراغت کے بعد کئی سال تک مدرسۃ الاصلاح سرائمیر میں استاذ رہے، پھر جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ میں زیر تعلیم رہے ، پھر جامعہ ام القریٰ مکہ مکرمہ سے پی۔ایچ۔ ڈی کی ڈگری حاصل کی ، اور اب وہ ملیشیا کی بین الاقوامی یونیورسٹی میں پروفیسر ہیں ۔ انھوں نے مشہور محدث حضرت ھناد بن السری ؒ کی کی کتاب الزھد کی تحقیق وتعلیق کی خدمت انجام دی اور یہ کتاب بڑے آب وتاب کے ساتھ حکومت قطر نے شائع کی ،مولانا ابواللیث صاحب نے اس کا ایک نسخہ استاذ محترم کے پاس بطور ہدیہ کے بھیجا ، اس کی تمھید اور مقدمہ میں مولانا ابواللیث صاحب نے ایک آدھ صفحہ تصوف کے متعلق بھی لکھا تھا ، یہ مکتوب بطور تشکر کے لکھا گیا ، اور تصوف کے متعلق جو کچھ انھوں نے لکھا تھا ، اس میں اس کی شکایت بھی ہے ۔ (ضیاء الحق خیرآبادی)