بنام مولانا سلمان احمد اعظمی
حضرت مولانا شاہ عبد الحلیم صاحب جونپوری نور اﷲ مرقدہٗ کی صاحبزادی مرحومہ کے نواسے ہیں ۔ مدرسہ ریاض العلوم گورینی میں زیر تعلیم تھے ، کسی مصلحت سے میرے پاس تعلیم حاصل کرنے آگئے ، پھر محبت اور تعلق میں اس درجہ اضافہ اور رسوخ ہوا کہ دار العلوم دیوبند سے فراغت کے بعد بجائے کسی اور شعبے میں داخلہ لینے کے والدین سے اجازت لے کر سال بھر میرے ساتھ سفر اور حضر میں رہے، اور خدمت کا حق ادا کرتے رہے ۔ بہت ذی استعداد ، صالح اور سلیقہ مند فاضل نوجوان ہیں ۔ اب مدرسہ شیخ الہند انجان شہید ، ضلع اعظم گڈھ میں درس وافادہ میں سرگرم ہیں ، حق تعالیٰ علمی اور روحانی ترقیات سے نوازیں ۔ آمین