بنام مولانا وسیم احمد بنارسی
میری تدریسی زندگی کا باضابطہ آغاز جامعہ اسلامیہ ریوڑی تالاب بنارس سے ہوا۔ ہجری سنہ ۱۳۹۲ھ کا آخر تھا ،اور غالباً عیسوی سنہ ۱۹۷۲ء کا بھی آخر تھا ۔ جامعہ اسلامیہ میں چند طلبہ بہت ہونہار اورصاحب استعداد ملے ، جن سے مجھے خاص اُنس ہوا۔ انھیں میں سے ایک مولوی وسیم احمد سلّمہ بھی ہیں ۔ یہ مدن پورہ بنارس کے رہنے والے کافیہ اور قدوری کی جماعت میں تھے ، میں ایک سال وہاں رہ کر مدرسہ دینیہ غازی پور آگیا، اس وقت ان سے مکاتبت کا آغاز ہوا۔ یہ جامعہ اسلامیہ سے متوسطات کی تکمیل کرکے دارالعلوم دیوبند گئے ، وہاں سے فضیلت حاصل کی اور جامعہ اسلامیہ میں استاذ ہوئے ، اب وہاں کے صدر المدرسین ہیں ۔ ایک سے زیادہ کتابوں کے مصنف ہیں ۔ ان کے نام خطوط سب ان کی طالب علمی کے زمانے کے ہیں جنھیں انھوں نے بہت سنبھال کے رکھا ہے۔