بنام مولانا عبد اﷲ خالد خیرآبادی
خیرآباد کے رہنے والے ہیں ، وہیں مدرسہ منبع العلوم میں متوسطات تک تعلیم حاصل کرکے دار العلوم دیوبند گئے اور فراغت کے بعد جامعہ عربیہ احیاء العلوم مبارکپور اور مدرسہ فیض العلوم شیرواں میں تدریسی خدمات انجام دیں ، اب جامعہ مظاہر علوم سہارن پور میں ماہنامہ مظاہر علوم کے ایڈیٹر ہیں ۔ عربی کی کتابیں بھی پڑھاتے یں ، میرے بہت عزیز دوست مولانا فضل حق صاحب عارفؔ خیرآبادی کے صاحبزادے ہیں ۔انھوں نے موقوف علیہ کے سال شرح عقائد پڑھتے وقت کچھ اشکالات پیش کئے تھے ، درج ذیل مکتوب اسی کے جواب میں لکھاگیا ۔
عزیزم ! السلام علیکم ورحمۃ اﷲ وبرکاتہٗ
آج تمہارا خط ملا ، تم نے چند سوالا ت کئے ان کے جواب لکھ رہا ہوں ۔
(۱) اﷲ کو خواب میں دیکھنا ممکن ہے ، لیکن دیکھنے والے نے اگر کسی خاص صورت میں اﷲ کو دیکھا ہے ، تو وہ صورت نہ اﷲ ہے نہ اﷲ کے مثل ہے ، کیونکہ خدا تعالیٰ قطعی مثل سے پاک ہے ، بس دیکھنے والے کے ذہن میں ایک خیال تھا جو متشکل ہوگیا ہے ، یہ ایسا ہی ہے جیسے کوئی شخص اپنے ذہن میں اﷲ تعالیٰ کی کوئی خاص صورت تراش لے ، تو جہاں تک خدا کی یاد کا تعلق ہے وہ خدا ہی کو یاد کررہا ہے ، مگر وہ صورت جو اس کے خیال نے تراش رکھی ہے وہ اﷲ تعالیٰ نہیں ہے ، اسی طرح خواب دیکھنے والے نے جو صورت دیکھی ہے وہ صورت اﷲ نہیں ہے ، لیکن یاد رہے کہ اس صورت والے خواب کا حال نہایت مشتبہ ہے ، یا پھریہ کہ وہ محتاجِ تعبیر ہے ، مشتبہ اس لئے کہ یہ شیطان کا تصرف بھی