ہو۔ گھر پر بحمد اﷲ سب خیریت ہے۔
عامر سلّمہ کو بھی یہی مضمون ہے ، میں تم لوگوں کے لئے دل سے دعا کرتا رہتا ہوں ۔ والسلام
اعجاز احمد اعظمی
۱۳؍ جمادی الاولیٰ ۱۴۲۲ھ
٭٭٭٭٭
فرزندِعزیز ! سلمکم اﷲ تعالیٰ
السلام علیکم ورحمۃ اﷲ وبرکاتہ
تمہارے خط میں ۲۷؍ ربیع الاول کی تاریخ لکھی ہوئی ہے۔ یاد نہیں مجھے کب ملا، غالباًسفر سے واپسی کے بعد ملا ہے۔
تعلیم میں اپنی صحت وقوت کے لحاظ سے محنت کرتے رہو، اس میں کوتاہی نہ ہو ۔ مجھے نمبروں سے دلچسپی نہیں ، مجھے علم اور اخلاق سے دلچسپی ہے ، اس میں کھرے اترو۔ نمازوں میں کوتاہی بالکل نہ کرو، یہی تو مومن کا اصل سرمایہ ہے۔ میری صحت الحمد ﷲ اچھی ہے۔ عادل نے پڑھائی سے عدول کیا ،میرے اور تمہاری اماں کے حج کے آثار نظر آرہے ہیں ، عادل بھی ساتھ ہوجاتا تو اپنی اماں کی خدمت کرتا ، اس کے لئے خاص طور سے دعا کرو۔ میں تم لوگوں کیلئے دعا کرتا رہتا ہوں ۔
والسلام
اعجاز احمد اعظمی
۲۶؍ ربیع الآخر ۱۴۲۳ھ
٭٭٭٭٭