لکھنے کا آغاز کرو، جو کچھ درسی کتابوں میں پڑھتے ہو اس کا خلاصہ جو ضروری ہو کاپی پر نوٹ کرلیا کرو۔ اور غیر درسی کتابوں میں بھی یہی عمل رکھو ۔ لکھنے میں یکسوئی زیادہ ہوتی ہے۔ بس اپنے کو علم میں مشغول رکھو۔
یہاں بحمد اﷲ سب خیریت ہے۔ مفتی محمدراشد صاحب سے سلام عرض کرو۔
والسلام
اعجازاحمد اعظمی
یکم ؍ محرم ۱۴۲۲ھ
٭٭٭٭٭
فرزندِعزیز ! سلمکم اﷲ تعالیٰ
السلام علیکم ورحمۃ اﷲ وبرکاتہ
تمہارا خط دوتین روز قبل ملا۔ نمبر اچھا آنے پر دلی خوشی ہوئی ، اﷲ کا شکر ادا کیا ، خدا کرے آگے اور اچھا نمبر آئے۔ محنت وکوشش کرو،عامر سلّمہ کے لئے بھی دلی دعا نکلی ، خداوندتعالیٰ تم دونوں کو اچھا طالب علم بنائے۔
تمہاری صحت کے لئے دعا کرتا ہوں ، شاید گرمی کی وجہ سے آنکھ کھل جاتی ہو ، یہ عارضی احوال ہیں فکر نہ کرو۔ عصر کے بعد کچھ ٹہل لیا کرو، روزانہ ہلکا پھلکا غسل کرلیا کرو۔ باقی دعا میں گریہ وزاری کرو ، صحت ومرض کے مالک اﷲ تعالیٰ ہی ہیں ۔ وہی جو چاہتے ہیں اپنے بندوں سے کام لیتے ہیں ، اور جس کام سے چاہتے ہیں ہٹادیتے ہیں ۔ تمہارے باپ نے صحت کا کوئی خاص اہتمام نہیں کیا ، جو غذا میسر آگئی کھالی ، اور جو دوا آسانی سے مل گئی استعمال کرلی ، او ربحمد اﷲ کام کے لائق صحت ہمیشہ رہی ، بدن کی فکر کیا کرنی اسے تو مٹی میں ملنا ہے ، بس اس کی فکر اتنی ہونی چاہئے کہ روح برباد نہ