حاصل ہوجائے گا۔ نہ کسی سے دوستی نہ کسی سے دشمنی ، ایک مسلمان جیسا تعلق سب سے رہے ۔ جس استاذ سے مناسبت معلوم ہو کبھی کبھی ان کے یہاں چلے جانا۔ اسباق کی پابندی بہر صورت ہوتی رہنی چاہئے ، اس کی برکت بہت ہے۔
یہاں بھی سب خیریت ہے ، تمہاری اماں کی طبیعت کچھ خراب ہوجایا کرتی ہے ، دعاکرو کہ صحت مند رَہے۔
تم لوگوں کی کمی یہاں بھی محسوس ہوتی ہے ، بالخصوص مجھے تو کچھ زیادہ ہی محسوس ہوتی ہے ۔ بہر کیف ایک بڑے مقصد کیلئے نکلے ہو، اس لئے تسلی رہتی ہے۔
حاجی (عبد الاحد)صاحب یہیں ہیں ، تم لوگوں کے لئے بہت دعا کرتے ہیں ، سلام کہہ رہے ہیں ۔ والسلام
اعجازاحمد اعظمی
۲۲؍ذوقعدہ ۱۴۲۱ھ
٭٭٭٭٭
عزیزم ! سلمکم اﷲ تعالیٰ
السلام علیکم ورحمۃ اﷲ وبرکاتہ
تمہارا خط ملا۔ تم لوگوں کے سفر کے سلسلے میں میرے دل پر بھی دباؤ تھا، اور سفر والے دن ،رات ہی سے میں مسلسل تم لوگوں کی طرف متوجہ تھا ، اور دعائیں کرتا رہا۔ اﷲ تعالیٰ نے فضل فرمایا اور تم لوگوں کا سفر آسان ہوا۔ والحمد ﷲ علیٰ ذٰلک
ابھی نئی جگہ ہے ، نیا ماحول ہے، اس لئے ذہنی انتشار معلوم ہوتا ہے ، بس اتنا ہے کہ تعلقات نہ بڑھاؤ۔ خلوت میں رہنے کی کوشش کرو اور کتابوں میں زیادہ لگے رہو، جو خالی وقت ہو اس میں کتب خانہ چلے جایا کرو۔ پڑھنے کے ساتھ حاصل مطالعہ