گھروں کو لوٹ جائیں گے اور اس کی کوئی پوچھ نہ ہوگی کہ آپ انجمن میں کیا تھے ، وہاں تو آپ کی دینداری ، تقویٰ ، حس اخلاق ، حسن معاملات ، پابندیٔ عہد وفا دیکھی جائے گی۔
مجھے تم پر اعتبار ہے ، میں تمہیں کھیل تماشوں میں دیکھنا پسند نہیں کرتا، چاہتا ہوں کہ خدمت دین وایمان کے لئے اﷲ کے یہاں تمہارا انتخاب ہوجائے ، سنتے ہو ؟ مجھے بحمد اﷲ مدح وذم سے کوئی مطلب نہیں ہے ، کان میں آواز یں آتی رہتی ہیں ۔ ’’قلت لایعنینی ‘‘ کہہ کر گذر جاتا ہوں ، یہی طریقہ آزماؤ۔
دعا کرتا ہوں ۔ والسلام
اعجاز احمد اعظمی
۲۵؍ جمادی الاخریٰ ۱۴۲۶ھ
٭٭٭٭٭
عزیزم ! السلام علیکم ورحمۃ اﷲ وبرکاتہ
الحمد ﷲ بعافیت ہوں ،مگر زندگی بے ترتیبی کے ساتھ مشغول ہے، ترتیب پر قدرت نہیں ہوتی ،بڑے لوگ اٹھ گئے ، تو چھوٹوں پر ہجوم ہونے لگا،بس اتخذوا روؤساً جہالاً کا منظر ہے ، اﷲ تعالیٰ رحم وکرم فرمائیں ۔
کسی چیز کی تعمیرکے لئے اس میں لگے رہنا شرط ہے ، جتنا صاحب جلالین نے سمجھادیا ہے اس کے آگے اپنا حوصلہ ہے، تفسیر کی طولانی کتابیں تمہارے مقصد کے لئے بہت زیادہ مفید نہیں ہیں ، مطالعہ کے لئے ساری زندگی پڑی ہے ، ابھی تو استعداد درست ہورہی ہے۔
میں جب پڑھ کر فارغ ہوا تھا،تو میں نے اپنے والد ماجد مدظلہٗ سے عرض کیا