دل میں یقین کو جماؤ، توہمات وتفکرات کا خیمہ اکھڑ جائے گا ۔ مستقبل خدا کے حوالے کرو، خیر ما وقر فی القلوب الیقین۔ اﷲ بس باقی ہوس
عزیزم! نگاہ اور کان کی حفاظت کرو، دل کے حوض میں یہ دونالیاں ایسی گرتی ہیں ، جن سے خس وخاشاک اور گندگی کے پہونچنے کا امکان ہوتا ہے، اور اس کے لئے نامناسب صحبت سے دور رہنا ضروری ہے۔ اپنے اوپرجبر کرو، خود کو روکو ،پھر اﷲ کی مدد دیکھو، اولاً مجاہدہ شرط ہے ، پھر مشاہدہ لازمی نتیجہ ہے، مجاہدوں سے نہ گھبراؤ۔
پڑھنا لکھنا تو لازمۂ زندگی ہے ، غذائے روح ہے ، شفائے قلب ہے، بھلا اس سے اچاٹ ہونا کیا معنیٰ؟ میں دعا کرتا ہوں ، تم سرگرم ِ کار رہو۔ والسلام
اعجازاحمد اعظمی
۲۲؍محرم ۱۴۲۵ھ
٭٭٭٭٭
عزیزم ! السلام علیکم ورحمۃ اﷲ وبرکاتہ
الحمد ﷲ بخیر ہوں اور تم لوگوں کے لئے دعاگو ہوں ۔
کوتاہیوں اورسستیوں کاعلاج یہ ہے کہ ہمت سے کام لو ، مخالف ماحول سے تمہیں لڑنا ہے ، جم کر لڑو ، غافلوں کی بھیڑ ہے اس سے تاثر فطری ہے ، تم اپنے ارادے سے اس ہجوم کے خلاف جمو۔
اپنے آپ کو دینی ضرر سے بچانا ضروری ہے ، اس کے لئے اگر عام ماحول سے اور اس ماحول کے مشاغل سے الگ رہنا پڑے ،اور اس الگ رہنے کے نتیجے میں طعن وتشنیع کی ناگواریاں سہنی پڑیں ، خواہ اپنی ذات کے بارے میں یااپنے بڑوں کے بارے میں ، سب سہہ لینا چاہئے ، اس کی فکر نہیں کرنی چاہئے ۔ رسول اﷲ انے فرمایا