وآخر سہارا ہے ، تو اسی سے جڑے رہیں ، اسی کی رضا کی فکر کریں ، اسی سے دعا کریں ، میں نے دعائے حزب البحر پڑھنے کو کہا تھا ، معلوم ہوتا ہے کہ ابھی اس کو شروع نہیں کیا ہے ، ورنہ بہت سی بلاؤں سے نجات رہتی۔ باستحضار معنی دن اور رات میں کئی بار پڑھو۔ والسلام
اعجاز احمد اعظمی
۹؍ جمادی الاخریٰ ۱۴۲۲ھ
٭٭٭٭٭
عزیزم! عافاکم اﷲ من جمیع البلایا والآفات
السلام علیکم ورحمۃ اﷲ وبرکاتہ
تمہارے خط سے طبیعت بہت خوش ہوئی، اﷲ تعالیٰ ان کیفیات میں اور اضافہ فرمائے ، اور انھیں دوام بخشے ،حال کو مقام بنادے ۔آمین
جومعمولات ہیں انھیں جاری رکھو ، تہجد کی نماز کااہتمام بہت کرو، اور اگر کبھی ناغہ ہوجائے ، تو زوال سے پہلے اس کی قضا کرلو۔
حاسدوں اور دشمنوں کے لئے کوئی وظیفہ نہ پڑھو اور نہ کوئی عمل ازقبیل عملیات کرو ، یہ اﷲ تعالیٰ کاانتظامِ تربیت ہے، تجربہ اور تربیت کی بھٹی میں پکاکر اﷲ تعالیٰ جھاگ کو اور میل کچیل کو دور فرماکر خالص اور نکھرا ہوا سونا باقی رکھتے ہیں ، اس جگہ رضا بالقضا اور تفویض الی اﷲ کو دہراتے رہو ، یاد کرتے رہو، مشق کرتے رہو ، اﷲ کو منظور نہیں ہے کہ کسی نبی کو دشمنوں اور حاسدوں سے خالی رکھیں ، کَذٰلِکَ جَعَلْنَا لِکُلِّ نَبِیٍّ عَدُوّاً الخ پر غورکرو۔ دل کے اندراطمینان رکھو، اور اطمینان توکل میں ہے ، باہر کی تشویشات دل کے اندر نہ آنے دو، اگر آنے لگیں تواﷲ سے رجوع کرو ، ان کی پناہ مانگو ،