خواہش تم نے پوری کردی ۔ حق تعالیٰ نے تمہیں دار العلوم دیوبند پہونچادیا ہے، تو موقع غنیمت سمجھو ۔ ایک سال کے لئے خود کو علمی اعتکاف میں ڈال دو ، بجز پڑھنے لکھنے ، مطالعہ ومذاکرہ کے کسی چیز سے واسطہ نہ رکھو ، سیر وتفریح موقوف، مجلس بازی ختم ، اِدھراُدھر کی فضولیات پر تین حرف، مطالعہ کرو اور حاصل مطالعہ کی کاپی تیار کرو، اور جو کچھ کرو عربی زبان میں کرو، اردو مطالعہ بند تو نہیں البتہ بہت کم ، عربی کو اعصاب پر سوار کرلو ۔ شرح محض عربی کی دیکھو ، اردو شروح کو ہاتھ نہ لگاؤ ، تکرار کا مشغلہ بھی رہے تو خوب ہے ، لیکن صرف تکرار کی حد تک ، دوستی کی حد تک نہیں ، اس وقت جتنا وقت علم ومطالعہ میں لگ جائے گا نفع ہی نفع ہے ۔ اﷲ تعالیٰ تمہارے علم وعمل میں برکت دیں ۔ والسلام
اعجاز احمد اعظمی
یکم ذوقعدہ ۱۴۰۸ھ
٭٭٭٭٭
عزیزم شفاک اﷲ وعافاک من کل داء
السلام علیکم ورحمۃ اﷲ وبرکاتہ
دوتین روز ہوئے تمہارا خط ملا ، مجھے شدید انتظار تھا اور تعجب ہورہا تھا کہ خیریت ملنے میں غیرمعمولی تاخیر ہورہی ہے ، ارادہ ہوا کہ دریافت احوال کے لئے خود میں ہی خط لکھوں ، مگر ابھی نوبت نہیں آئی تھی کہ تمہارا خط لطف ومحبت کے بیکراں جذبات سے بھرا ہوا ملا ، خط کا ابتدائیہ تم نے اتنا زوردار اور کیف آور لکھا ہے کہ میں سوچنے لگا کہ اس خط کا مخاطب میں ہوں یا کوئی اور عظیم شخصیت ! لیکن تم خط لکھتے وقت اس درجہ سرشار تھے کہ میری اصل شخصیت اس سرشاری میں کچھ سے کچھ نظر آنے لگی ،