(جس نے کہا لوگ ہلاک ہوگئے ، وہ سب سے زیادہ ہلاکت میں ہے ) بس اپنے پر نگاہ رکھو، اپنے نفس کو تقویٰ کی لگام دو، پھر جب نفس کا تزکیہ ہوجائے گا تو اﷲ تعالیٰ اپنی پسندیدہ راہ کھولیں گے۔
اجمالاً اتنا لکھ دیا ہے ، تفصیل کے لئے دفتر درکار ہے ، جس کی اس وقت فرصت نہیں ہے ، ابھی بہت سے خطوط کے جواب لکھنے ہیں ، میں تمہارے لئے دل وجان سے دعا کرتا ہوں ، اور تم سے بھی دعاؤں کا امیدوار ہوں ۔ والسلام
اعجاز احمد اعظمی
۱۹؍ربیع الاول ۱۴۱۱ھ
٭٭٭٭٭
عزیزم ! السلام علیکم ورحمۃ اﷲ وبرکاتہ
بہت انتظا رکے بعد تمہارا خط ملا۔ کتابیں جو پڑھانے کو ملی ہیں ، ان پر راضی رہنا مناسب ہے ، حدیث شریف پڑھانے کا شوق مبارک ہے ، مگر اس سے پہلے دوسرے ضروری علوم میں درک ہوجانا ضروری ہے ، بالخصوص فقہ اور اصول فقہ میں ۔ اس لئے دلگیر نہ ہو، مجھے دیکھو کہ اتنا عرصہ ہوگیا پڑھتے پڑھاتے مگر ابھی تک اس فن شریف کی خدمت کا موقع نہیں ملا ۔ انتظار اور تیاری ضروری ہے ، یہ سب امور منجانب اﷲ ہیں ، جو بات ادھر سے ہو اسی میں خیر ہے۔
جنات کے بارے میں تم نے عجیب وغریب سوال کیا ہے ۔ تعجب ہے کہ اتنی موٹی اور بدیہی بات تمہارے ذہن میں نہیں آئی ۔ سوچوتو سہی دنیا دار الاسباب ہے ، اﷲ تعالیٰ نے اپنی حکمت بالغہ سے دنیا کے ہر مقصد کو اس کے اسباب کے ساتھ مربوط کردیا ہے ، زیادہ تر اسباب ظاہرہ کے ساتھ اور بعض غیر معمولی حالات میں اسباب