بل بنواکر لیتے آنا ، قیمت تمہارے ہاتھوں بھیج دوں گا ، یہ کام بہت ضروری ہے۔
ہاں شاید تمہیں معلوم نہیں ہے کہ امانت بھائی کی اہلیہ کا انتقال ہوچکا ہے ، تم نے ان کی اہلیہ کے بارے میں لکھا ہے کہ وہ تھانہ بھون جارہی تھیں ۔ وہ شاید مولوی سعادت کی اہلیہ ہوں ۔
مولانا عبد الرب صاحب ۲۹؍ جنوری کو ریاض ( سعودی عرب ) جارہے ہیں ، وہاں کوئی کوئی کورس تدریب المدرسین کا ہے ، تین ماہ کا ، اس کیلئے ان کی منظوری آچکی ہے۔
باطنی احوال منقلب ہوتے رہتے ہیں ، اس لئے اس کی طرف التفات نہ کرو ، البتہ معصیت سے بچنا بہت ضروری ہے، ظاہری وباطنی تمام معاصی سے ہرروز توبہ لازم ہے ، پابندی سے استغفار کرو۔ باطنی احوال میں جو تغیر معاصی کی وجہ سے ہوتا ہے وہ بہت پُر خطر ہے ۔ اورذکر کااہتمام بہت ضروری ہے ، لاإلہ إلااﷲ کا ذکراس طرح کرو کہ لاإلہ کہتے وقت یہ تصور کرو کہ غیر اﷲ خواہ وہ محبوبات ومالوفات ہو یا مکروہات ومبغوضات ، گناہ ہو یا ثواب سب کچھ دل سے نکل گیا، اور إلااﷲکہتے وقت یہ تصور کرو کہ محض محبت الٰہی دل میں داخل ہورہی ہے ۔ پابندی اور اہتمام کرو ، ذکر میں نگاہ اور دھیان دل پر مکمل رہے ، چاہے پندرہ منٹ ہی ہو، لیکن خاص خلوت ہو ، بالکل تنہائی ہو۔ ذکر کے بعد اور معصیت سے بچنے کے اہتمام کے بعد احوال خواہ کچھ ہوں مضائقہ نہیں ، مدرسین کو نگاہ اور دل دونوں کا مرض لگ جاتا ہے ۔ مدرسوں میں امارد کااجتماع ہوتا ہے، نگاہ بھی آلودہ ہوتی ہے اور دل بھی ملوث ہوتا ہے ، اس لئے بہت زیادہ اجتناب واہتمام کی ضرورت ہے ۔ خوب سمجھ لو۔ والسلام
اعجاز احمد اعظمی