عزیزم حافظ عبد القادر سلّمہ
السلام علیکم ورحمۃ اﷲ وبرکاتہ
تمہارے خط کا انتظار تھا ،سو مل گیا۔ تمہارے والد کی علالت کی کمی سے خوشی ہوئی ، دعا کرتا ہوں کہ شفاء کلی حاصل ہو ۔ فی الحال ابھی دکان کا بندوبست نہیں ہورہا ہے تو پڑھانے کو اختیار کرلواور دکان کے لئے بھی سعی کرتے رہو۔ اﷲ تعالیٰ مسبب الاسباب ہیں انھیں پر نظر رکھو ، وہ سب فقر وفاقہ اور تنگدستی دور کردیں گے اور سب چیزوں کا غیب سے انتظام فرمادیں گے ، اطمینان رکھو۔ میں نے بتایا تھا کہ بعد نماز مغرب سورہ واقعہ پڑھ لیا کرو، نماز باجماعت اور تلاوت کی بہت پابندی رکھنا ، اس میں گڑبڑ نہ ہو ۔ میں تمہارے والد والدہ کے لئے بھی دعا کرتا ہوں کہ اﷲ تعالیٰ انھیں نماز کا پابند بنادیں ۔ بھائی کو نصیحت کا خط لکھو ، ان شاء اﷲ متاثر ہوگا ، لیکن بھروسہ صرف اﷲ کی ذات پر رکھو اپنی محنت اور کوشش کو بھی کچھ نہ سمجھو۔ میں دل سے دعا کرتا ہوں اور برابر کرتا رہوں گا ان شاء اﷲ ۔ تم راستے پر آچلے تھے اور مجھے امید ہوگئی تھی، مگر کیا کریں تقدیرِ الٰہی کے سامنے چارۂ کار نہیں ۔ بہرحال دینداری کو ہاتھ سے نہ جانے دینا ، اﷲ تعالیٰ مدد فرمانے والے ہیں ۔ دینداری کے ساتھ تھوڑا ملے تو بہت ہے اور بے دینی کے ساتھ بہت کچھ ملے تو کچھ نہیں ۔ حرص وہوس سے بہت دوررہنا ، قناعت اختیار کئے رہنا ۔ یہاں بحمد اﷲ ہر طرح خیریت ہے۔
والسلام
اعجاز احمد اعظمی
۲۷؍جمادی الاخریٰ ۱۳۹۸ھ
۹۹۹۹۹