ا …سورہ ٔ احزاب اور سورۂ حجرات (۱) کی تفسیر بالاستیعاب پڑھ لو اور باقی جہاں سے جی چاہے ۔
ض… آپ کی توجہ اور دعاؤں کا کھلی آنکھوں مشاہدہ کررہا ہوں ، اسی کا اثر ہے کہ آج بغیر کسی کوشش اور جہد وطلب کے ’’ کیمیائے سعادت ‘‘ مل گئی ، مولانا عبد السمیع صاحب مدظلہٗ(۲) تشریف لائے ، بر سبیل تذکرہ میں نے آپ کے خط کا ذکر کیا ، کہ مولانا نے بطور خاص ’’ کیمیائے سعادت ‘‘ پڑھنے کی تاکید کی ہے ، ان کے پاس نول کشور لکھنؤ کا چھپا ہوا بہت عمدہ اردو ترجمہ ’’ اکسیر ہدایت ‘‘ تھا ، انھوں نے گھر جاکر فوراً بھیج دیا ۔
’’ تنہا میروی ‘‘ کی تشریح نے تو اس کیف وسرور کو دوآتشہ بنادیا ، اور اس سے بہت ڈھارس ہوئی کہ میں تنہا نہیں ہوں ، بلکہ اﷲ کے ایک برگزیدہ بندے کے سایۂ شفقت اور توجہ میں ہوں ، یہ میرے لئے بہت بڑا سرمایہ ہے ، دعواتِ صالحہ میں یاد فرمائیں ۔ والسلام
ضیاء الحق خیرآبادی
۲۴؍ رمضان المبارک ۱۴۱۵ھ شنبہ
٭٭٭٭٭
اﷲ کا شکر ہے کہ میں نے بھی ’’ کیمیائے سعادت ‘‘ کا ترجمہ ’’ اکسیر ہدایت ‘‘ اعتکاف ہی کی حالت میں پڑھا تھا ، اس نے میری زندگی کا موجودہ رُخ متعین کرنے میں بڑی مدد دی تھی ، اس میں امام غزالی کے جوشِ قلبی کا مجھ پر خاص طور پر اثر پڑا تھا ، اﷲ پر توکل اور اﷲ سے محبت کا سرمایہ اس کتاب سے مجھے حاصل ہوا تھا ، میں دعا کرتا ہوں کہ اﷲ تعالیٰ تم کو بھی اس دولت خاص سے سرفراز فرمائے ۔