س
ض…مخدومناالمکرم! زادکم اﷲ شرفاً وفضلاً
السلام علیکم ورحمۃ اﷲ وبرکاتہ
مزاج گرامی !
لگے ہاتھوں آپ کی دعاؤں کا اثر ظاہر ہوگیا ، میرے اعتکاف کے بارے میں سن کر ایک دوسرے صاحب بھی اعتکاف کے لئے تیار ہوگئے ۔
ا… عزیزم ! السلام علیکم ورحمۃ اﷲ وبرکاتہ
بہت خوب اﷲ تعالیٰ برکت عطا فرمائیں ۔
ض… اعتکاف کا خاص عمل کیا ہے ؟
ا… تلاوت اور دعا ، دل کی نگرانی کہ اﷲ کی طرف متوجہ رہے ، خیالاتِ واہیہ کا مرکز نہ بنا رہے ۔
ض… اعتکاف میں کون سی کتابوں کا مطالعہ کرنا چاہئے ، اخیر میں پھر دعاؤں کی درخواست ہے ۔
ا… معلوم نہیں تمہارے پاس کیمیائے سعادت یا منہاج العابدین ہے یا نہیں ؟ (۱) اگر ہوتی تو اس کا مطالعہ بہت مفید ہوتا ، ’’ ترجمان السنۃ ‘‘ (۲) اگر موجود ہوتو اسے پڑھ ڈالو ، مولانا محمد منظور صاحب نعمانی کی معارف الحدیث (۳) کا وہ حصہ جو اخلاق اور دعاؤں سے متعلق ہے ، اسے پڑھو ، کسی غیر متقی شخص کی کوئی کتاب اعتکاف میں نہ پڑھنا ، تفسیر عثمانی ( ۴) بھی مناسب رہے گی ، میں دل وجان سے دعا کرتا ہوں ۔ والسلام
اعجاز احمداعظمی