یوسف صاحب لدھیانوی کی کتاب ’’ اختلافِ امت اور صراطِ مستقیم ‘‘ اس موضوع پر بہت جامع اور اچھی کتاب ہے ، اس کتاب کے دو حصے ہیں ، پہلا تو ردّ بریلویت اور ردّ مودودیت پر ہے ، اور دوسرا حصہ خالص غیر مقلدوں کے لئے ہے ، اگر نہ ہوتو دیوبند سے منگوالو، ان لوگوں کا جواب دینے کے لئے حدیثوں پر نظر ضروری ہے ، کم از کم نصب الرایہ ، امام زیلعی کی ضرور منگوالو،ا س سے بہت مدد ملے گی ، جن کتابوں کو تم نے لکھا ہے ، مئوجاؤں گا تو انشاء ا ﷲ وہ کتابیں بھیجوں گا ۔
طلقاتِ ثلٰثہ پر حضرت محدث کبیر ؒ کا ایک رسالہ ’’ الاعلام المرفوعۃ ‘‘ ہے ، عنقریب اس کی طباعت کا انتظام ہوگا ، بہت جامع اور مکمل رسالہ ہے ۔
میں الحمد ﷲ خیریت سے ہوں ، حضرۃ الاستاذمولانا محمد مسلم صاحب کا ۲۹؍ محرم ۱۴۱۴ھ کو بعارضہ فالج دماغی صرف آٹھ دن کی علالت میں انتقال ہوگیا ، ان کی وفات سے کمر ٹوٹ گئی ، ان کے لئے دعائِ مغفرت اور ایصال ثواب کرو ، والسلام
اعجاز احمد اعظمی
۲۴؍ صفر ۱۴۱۴ھ
٭٭٭٭٭
عزیزمکرم ! عافاکم اﷲ وتولاکم
السلام علیکم ورحمۃ اﷲ وبرکاتہٗ
میں مدھوبنی گیا تھا ، ایک ہفتہ کے بعد پرسوں لوٹا ہوں ، یہاں تمہارا خط رکھا ہوا ملا ، میلاد اور قرآن خوانی کے مسئلہ میں تمہارا طرزِ عمل پسند آیا ، دل سے دعاگو ہوں کہ حق تعالیٰ تمہیں استقامت نصیب فرمائیں ، اس مخالفت کے بعد تم سمجھ لو کہ تمہاری ذمہ داریاں بڑھ گئیں ، سب سے پہلے تو یہ کہ لوگ جو مخالفت کریں گے وہ تو ہوگی ہی ،