مستقیم سے نہ ہٹے ۔
بعد نمازِ فجر ذکر پر دوام اختیار کرو ، طبیعت کے انتشار کی فکر نہ کرو ، ذکر کے الفاظ پر ایک سرسری توجہ قائم رکھو ،آہستہ آہستہ یکسوئی پیدا ہوگی ، یہ ٹھیک ہے کہ اگر کبھی فوت ہوجاتا ہے تو بعد مغرب کرلیتے ہو ، لیکن کوشش کرو کہ فوت نہ ہو ، میں یکسوئی اور دلجمعی کے لئے دعا کرتا ہوں ۔ مولانا محمد عباس صاحب آئے ہوں تو ان کو سلام کہہ دو ، الحمد ﷲ میں خیریت سے ہوں ۔ والسلام
اعجاز احمد اعظمی
۴؍ محرم الحرام ۱۴۰۸ھ
٭٭٭٭٭
عزیزم ! بارک اﷲ فی جھودکم
السلام علیکم ورحمۃ اﷲ وبرکاتہٗ
عرصہ کے بعد تمہارا خط ملا ، اور جواب میں بھی تاخیر ہوئی ، زیادتی ٔ مصروفیت کا عذر تو کچھ ایسا نہیں ، البتہ عموماً خطوط کے جوابات جمعرات کو لکھتا ہوں ،ا سی انتظار میں رکھ دیا تھا ، مگر اِدھر ایسا اتفاق ہوا کہ جمعرات کو سفر ہوتے رہے اور تمہارا خط رکھا رہ گیا ، تمہیں انتظار رہا ہوگا ۔
جس فتنہ کا ظہور تم نے لکھا ہے ،ا س کا تدارک فتویٰ سے ہونا مشکل ہے ، زبانی گفتگو ، جلسوں میں تقریروں کے ذریعہ کام لو ، اور جہاں زور دیکھو وہاں جلسوں کا انعقاد کراؤ ، دعائیں کرو ، اور ان سب سے بڑھ کر یہ ہے کہ عوام کو مشائخ حق کی صحبت کی ترغیب دو ، علماء سے قریب کرو ، اور چھوٹے چھوٹے پمفلٹ اسلامی عبادات کی اہمیت اور فرضیت پر لکھ کر شائع کرو جو چند صفحات پر مشتمل ہوں ، زیادہ طویل نہ ہوں ،