فلاں تحریک ہمارے اورطلبہ اور فلاں فلاں کے مفاد میں ہے ، اس میں حصہ لینا مناسب ہے ، یہ بات بہت مضر ہے ، خبردار! یکسوئی سے بڑھ کر دولت نہیں ، میں تم لوگوں کو آج کل کے فتنوں سے بہت ڈرا چکا ہوں ، اور ڈراتا رہتا ہوں ، اس کو خوب اچھی طرح گرہ میں باندھ لو اور سب ساتھیوں کو بھی میری یہ بات پہنچادو ۔
والسلام
اعجاز احمد اعظمی
۲۲؍ جمادی الاخریٰ ۱۳۹۶ھ
٭٭٭٭٭
عزیزم ! السلام علیکم ورحمۃ اﷲ وبرکاتہ
کل تمہارا خط ملا ۔ اﷲ تمہیں خوش رکھے، تم میرا طریقہ سمجھے ہوئے ہو ، غلطی سب سے ہوتی ہے ، غلطی پر اَڑنا برا ہے ، خدا کا شکر ہے تم ایسے نہیں ہو ۔
اگر والدہ کا کوئی اہم کا م ہو ، تو ضرور بمبئی چلے جاؤ ، لیکن خواہش ملاقات کی تھی ، اگر چھٹی کے معاً بعد یہاں آجاتے ، تو میری آنکھیں ٹھنڈی ہوتیں ، ویسے تم اپنی سہولت دیکھ لو ، یہ معلوم کرلو کہ وہاں ( دیوبند ) سے بمبئی کا کرایہ کیا ہے ؟ اگر کوئی صورت جمع بین الصورتین کی نکل سکے تو بہتر ہے ، ورنہ میری مرضی پر والدہ کی مرضی مقدم ہے ، البتہ اس کا خیال رکھو کہ جتنی دیر بمبئی میں کام ہو اتنا ہی ٹھہرو ، مزید وہاں رہنے کی کوشش نہ کرنا ، بمبئی ایسا شہر ہے جہاں دنیوی زیب وزینت اور مال ومتاع اس قدر ہیں کہ کسی کمزور انسان کا بچ نکلنا بڑا مشکل ہے ۔ والسلام
اعجاز احمد اعظمی
۲۳؍ رجب ۱۳۹۶ھ
٭٭٭٭٭