لوگ بہت ڈرائیں گے ، کہ میاں کہاں جارہے ہو ، اس راستے میں فقر ہے ، غربت ہے ، ذلت ہے ، ناکامی ہے ، آہ! کہ وہ غافل ہیں ، محبوب کے راستے کی فقیری عین امیری ہے ، غربت ہی دولت ہے ، ذلت کانام عزت ہے ، ناکامی ہی کامیابی سے عبارت ہے ، کچھ ڈرو نہیں ، گھبراؤ نہیں ۔ اوروں کا جہاں اور ہے تیرا جہاں اور ، کہاں ان ظالموں کے چکر میں پڑ لئے ، ہر انجمن کو تین طلاق دو ، اور اپنے دل کی انجمن سجاؤ ، دل کو مردہ کرکے زبان کو زندہ کرنا دورِ جدید کی لعنتوں میں سے ایک لعنت ہے ۔ ؎
ستم است گر ہوست کشد کہ بسرو وسمن درآ
تو زغنچہ کم ندمیدۂ در دل کشا بچمن درآ
جانتے ہو دارالعلوم ہو یا کوئی اور ادارہ ، فساد کی اصل جڑ کیا ہے ، یہی انجمن ، اور انجمن سازی ۔ بھائی ! میں تو انجمن ہی کا کشتہ ہوں ، بظاہر یہ بہت خوبصورت ہوتی ہے ، لیکن یہ انسان کو کچھ دینے کے بجائے اس کی جان ، مال ، آبرو سب کچھ لے لیتی ہے ، فالحذر فالحذر ۔ شاید میری بات تمہیں انہونی اور اوپری معلوم ہو لیکن بھائی اگر میرے تجربے پر اعتماد ہے تو اس کو قبول کرلو ، اب رہ گئی یہ بات کہ تمہارا نام آگیا ہے ، اب کیا کروگے ، اگر صراحۃً مخالفت کروگے تو طلبہ پیچھے پڑکر عافیت تنگ کردیں گے ، اس کی ترکیب یہ ہے کہ انجمن وغیرہ سے دلچسپی لینا بالکل کم کردو ، اور انجمن والوں پر ثابت کردو کہ تمہارے اندر صلاحیت ہے ہی نہیں ، بس پیچھا چھوڑ دیں گے ، اور ہاں دیکھو طلبہ ٔ دارلعلوم میں علاقائی عصبیت بہت ہوتی ہے ، یوپی بہار کا جھگڑا مستقل رہتا ہے ، پھر ضلع ضلع کی الگ الگ مسجد ڈیڑھ اینٹ کی بنی ہوتی ہے ، تم لوگوں کو ان جاہلانہ عصبیات سے بالکل الگ تھلگ رہنا ہے ۔ علم ودین کسی خاص علاقہ وخطہ کی جاگیر نہیں ہے ، ان سب چیزوں میں پڑ کر اپنے آپ کو تباہ مت کرلینا ، اگر کبھی ملنا جلنا ہوتو