اکتاہٹ کے آخری حد تک ان کی خدمت کو اپنا فرض سمجھو ، اور ہر قیمت پر انھیں راضی رکھنے کی کوشش کرو ، اﷲ توفیق دینے والے ہیں ، دعا میں برابر کرتا ہوں ۔
ذکر کی مشغولیت سے بہت مسرت ہوئی ، ہاں ضرور ! روزانہ ایک وقت تھوڑی دیر ہی کے لئے سہی فارغ کرکے یکسوئی کے ساتھ یہ تصور کرکے کہ حق تعالیٰ کی بارگاہِ عالم پناہ میں حاضر ہوں ، عرشِ الٰہی میرے سامنے ہے ، اور خدا کی عنایت میری جانب متوجہ ہے ، یہ خیال کرکے ذکرکرو ، اور کوشش کرو کہ اخیر ذکر تک یہی خیال قائم رہے ، اگر ذہن منتشر ہوجائے تو پھر حاضر کرلو ، کوشش کرو کہ یہ تصور جم جائے ،ا س طرح انشاء اﷲ ذکر بہت مفید اور لذیذ ہوگا ۔ اور نماز پڑھتے وقت یہ دھیان کرو کہ میں کعبہ مقدسہ کے سامنے ہاتھ باندھے کھڑا ہوں ، اور کعبہ کے اندر سے نور کی لہریں نکل کر میرے اندر پیوست ہورہی ہیں ، اس سے نماز میں دلجمعی پیدا ہوگی اور شوق زیادہ ہوگا ۔ بچوں کی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھو ، دنیا وآخرت میں مفید ہوگا ۔ پردھان سے کہہ دو کہ مسجد کی بنیاد پڑجانے سے مجھے بہت خوشی ہوئی ، اس کی تکمیل کی دعا کررہا ہوں ، اس کے آباد رکھنے کی فکر کریں ۔ والسلام
اعجاز احمد اعظمی
۲۹؍ جمادی الاولیٰ ۱۴۰۶ھ
٭٭٭٭٭
مولوی ولی محمد دمکوی کے نام
عزیزم! السلام علیکم ورحمۃ اﷲ وبرکاتہٗ
تمہارے خط کا مجھے انتظار تھا ۔ الحمد ﷲ کہ انتظار کے مطابق خط آیا ۔
عزیزم! دنیا میں سب سے بڑا حق خدا کا ہے وہی خالق ومالک ہے ، ہمارا