پہونچنا کافی نہیں ہے ، کچھ پونجی بھی درکار ہے ، ورنہ خالی ہاتھ بازار میں جانا کیا مفید ہوگا ، اور معلوم ہے کہ پونجی کیا ہے ؟ اپنے شیخ کے ساتھ خلوص وعقیدت اور ان پر کامل اعتماد ، ان کی بتلائی ہوئی تعلیم کا اہتمام والتزام ، بس یہ دوباتیں حاصل ہوں تو عشق ومحبت اور معرفت وخدارسی ضرور حاصل ہوکر رہے گی ، انشاء اﷲ ، الحمد ﷲ کہ تمہیں خلوص وعقیدت اور اعتماد کی دولت گرانمایہ حاصل ہے ، البتہ دوسرے امر کی طرف خاص توجہ کی ضرورت ہے ، اس کے لئے رابطۂ ظاہری بھی رکھنا ضروری ہے ۔ خط وکتابت ، احوال کی اطلاع کرتے رہنا بنیادی بات ہے ، اور کبھی کبھی خدمت میں حاضری از بس ضروری ہے ، سلوک کی بنیادی ضرورت رابطہ ٔ شیخ ہے ، اس پر تمام مشائخ کا اتفاق ہے ، اورصدیوں کا تجربہ اس پر شاہد ہے ، ذکر واذکار میں یکسوئی کی جو کیفیت میں نے سابق خط میں لکھی ہے وہ کافی ہے ، یعنی تمام مشاغل ضروریہ میں ایک ضروری مشغلہ اس کو بھی بناکر اس کے لئے ایک وقت خاص کرلو اور اس وقت میں بجز اس کا م کے اور کوئی دوسرا کام نہ ہو ، اور اس وقت کی تخصیص اس طرح سے ہوکہ تم سے تعلق رکھنے والا ہر شخص جان لے کہ تمہارا فلاں وقت یادِ الٰہی کے لئے مخصوص ہے ، تاکہ کوئی شخص اس میں دخل اندازی نہ کرے ، اس کے لئے یہ ضروری نہیں ہے کہ تم اس کا اعلان کرو، بس اتنا ہے کہ تمہاری جانب سے اسوقت کا اتنا اہتما م ہو کہ کسی پر یہ بات مخفی نہ رہ جائے ، یہ ریاکاری نہیں انتظام ہے ، جس کے بغیر کسی کام کی گاڑی نہیں چل سکتی ، اس کے ساتھ ہی سحر خیزی کی عادت ڈالو ، اخیر رات کی چند رکعتیں نصیب ہوجائیں تو زہے نصیب ، خوب اچھی طرح سمجھ لو کہ بے محبت کی زندگی کھردری زندگی ہے اور اس کا کچھ حاصل نہیں ۔
میراا رادہ اس ہفتہ جونپور آنے کا مصمم تھا ، مگر اسی ہفتہ میں ہولی ہے ، اس لئے مجبوراً ارادہ ملتوی کردیا ۔ تمہارے یہاں مدرسہ کب تک کھلا رہے گا ، یہاں تو یکم؍